0
Monday 11 Jun 2012 21:58

ارسلان افتخار کے معاملے پر دکھ ہوا لیکن رویا نہیں، اعتزاز احسن

ارسلان افتخار کے معاملے پر دکھ ہوا لیکن رویا نہیں، اعتزاز احسن
اسلام ٹائمز۔ بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ارسلان افتخار کے معاملے پر دکھ ضرور ہوا لیکن پھوٹ پھوٹ کر رویا نہیں اور آج بھی سمجھتا ہوں کہ چیف جسٹس اپنے بیٹے کے کیے کے ذمہ دار نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ ارسلان افتخار کیس میں چیف جسٹس کو بنچ میں نہیں بیٹھنا چاہئے تھا، چیف جسٹس نے رائے عامہ کے باعث بنچ سے علیحدگی اختیار کی۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی سمجھتا ہوں کہ چیف جسٹس کا اس میں کوئی کردار نہیں اور اگر ارسلان نے کچھ کیا ہے تو اس پر دکھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک ریاض نے مجھے ارسلان افتخار کے حوالے سے مواد دکھایا جس پر دکھ ہوا لیکن چند دستاویزات دیکھیں سب کچھ نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ریاض ملک واپس آ رہے ہیں، عدالت میں بھی پیش ہوں گے اور وضاحتیں پیش کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے چند لوگوں نے ارسلان افتخار کا معاملہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا اور شاہ سے زیادہ شاہ کے وفا داروں نے معاملے کو بہت بڑھا دیا ہے۔

اعتزاز احسن نے اس تاثر کی تردید کی کہ وزیراعظم اپنے بیٹے کے بدلے چیف جسٹس کے بیٹے کو کلیئر کروانا چاہتے ہیں۔ بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ والدہ کے انتقال پر یا محترمہ کی شہادت پر رویا، ارسلان افتخار کی دستاویزات دیکھ کر نہیں رویا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے سنی سنائی بات کو بڑھا چڑھا دیا حالانکہ اس معاملے کو اتنا بڑھانا نہیں چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرا ٹوئیٹر پر اکاؤنٹ نہیں اور نہ ہی میں ٹویٹر ٹویٹ کرتا ہوں جعلی اکاؤنٹ بتایا گیا ہے۔ بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ معاملات عدالت میں زیر سماعت ہے اس پر بات نہیں کر سکتے چیف جسٹس نے بنچ میں نہ بیٹھ کر اچھا فیصلہ کیا انہیں بنچ میں نہیں بیٹھنا چاہیے تھا ملک ریاض کو عدالت میں پیش ہونا ہی پڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 170321
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش