0
Monday 11 Jun 2012 23:52

وفاقی حکومت بھکر میں کالعدم تنظیموں کی غنڈہ گردی کا فوری نوٹس لے، علامہ اصغر عسکری

وفاقی حکومت بھکر میں کالعدم تنظیموں کی غنڈہ گردی کا فوری نوٹس لے، علامہ اصغر عسکری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اصغر عسکری نے کہا ہے کہ بھکر کے امن کو سبوتاژ کرنے کے لئے شرپسند قوتیں متحرک ہو رہی ہیں، لٰہذا وفاقی حکومت فوری نوٹس لے۔ اگر سر اٹھاتے ہوئے ان دہشتگرد عناصر کی بیخ کنی نہ کی گئی تو معاشرتی امن پارہ پارہ ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اصغر عسکری نے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ایم ڈبلیو ایم ضلع بھکر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ وطن دشمن کالعدم تنظیمیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی ملک گیر قرآن و اہلبیت کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر جس کا نتیجہ وحدت اسلامی کی صورت میں سامنے آیا ہے، بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ آج بھکر میں غنڈہ گردی کی جو بدترین مثال قائم کی گئی اور ملکی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں وہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات بھکر میں کالعدم تنظیموں نے سپیکرز پر اعلانات کیے کہ صبح شہر میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ صبح ہوتے ہی مسلح دہشتگردوں نے بازار میں آ کر دکانیں گن پوائنٹ پر بند کروا دیں۔ جبکہ مقامی انتظامیہ نے اس موقع پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا اور ابھی تک قانون شکن عناصر کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ 

انکا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ نہ تو کمزور ہے اور نہ ہی شرپسندوں کی دھمکیوں سے مرعوب ہو گی۔ ہم اسلامی وحدت، امن اور پاکستانیت کا پرچم لے کر میدان عمل میں اترے ہیں اور پاکستان کا آئین ملت جعفریہ کے لئے ایک مقدس دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔ ملت جعفریہ کے خلاف مسلح دہشتگردی دراصل وطن عزیز اور نظریہ پاکستان کے خلاف جنگ ہے، کیونکہ ملت جعفریہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے۔ انہوں نے مشیر داخلہ رحمن ملک سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کو گرفتار کرتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچائیں۔ 
خبر کا کوڈ : 170348
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش