0
Tuesday 12 Jun 2012 13:21

جدوجہد کرنیوالے کارکنوں کو اقتدار میں آ کر نہیں بھولیں گے، شاہ محمود قریشی

جدوجہد کرنیوالے کارکنوں کو اقتدار میں آ کر نہیں بھولیں گے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قوم بیدار ہو چکی ہے، ملک پر رائج استحصالی نظام کے محافظوں میں اب اتنی جرات نہیں کہ حقیقی عوامی حکومت کو اقتدار میں آنے سے روک سکیں، پاکستان بھر میں جو پذیرائی تحریک انصاف کو مل رہی ہے وہ ناقابل بیان ہے، مشکل وقت میں پارٹی کیلئے قربانیاں دینے اور جدوجہد کرنیوالے کارکنوں کو اقتدار میں آ کر بھولیں گے نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب یونین کونسل نمبر 17 اعوان پورہ گراونڈ ملتان میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پارٹی انتخابات کروانے کا فیصلہ مشکل تھا مگر اس سے پارٹی چٹان بن کر ابھرے گی، پوری قوم عمران خان کیساتھ کھڑی ہے تاکہ ملک کو ایک فلاحی، جمہوری اور اسلامی ریاست بنایا جا سکے۔
 
انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سالوں سے بر سر اقتدار سیاستدان اب آپس میں نورا کشتی کر رہے ہیں لیکن عوام اب انکے کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے، نوجوان نسل ملک کو بچانے کے لئے اٹھ کھڑی ہوئی ہے جسے گمراہ کرنا ممکن نہیں۔ اس موقع پر پارٹی کے ضلعی صدر اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ گزشتہ سال 25 جون کو تحریک انصاف کے سونامی کا آغاز ملتان کے تاریخ ساز جلسہ عام سے ہوا، عمران خان کی قیادت میں آنیوالے سونامی نے ملکی سیاست کا رخ بدل دیا ہے، تمام مفاد پرست ٹولے مل کر بھی سونامی کا راستہ نہیں روک سکتے۔
خبر کا کوڈ : 170373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش