0
Wednesday 13 Jun 2012 15:28

تاجر اتحاد کی اپیل پر شہر قائد میں ہڑتال جاری

تاجر اتحاد کی اپیل پر شہر قائد میں ہڑتال جاری
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں بھتہ مافیا، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف آل کراچی تاجر اتحاد کی اپیل پر آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بھی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے تمام امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کرکے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رکن سندھ اسمبلی شاکر علی کے بھائی سید قرار علی کو قتل کردیا تھا۔ واقعے کے بعد آل کراچی تاجر اتحاد نے شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی۔ رات دس بجے کے بعد ہی کئی علاقوں میں دکانیں بند اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کم ہوگئی۔ بعض علاقوں میں پٹرول پمپ اور سی این جی اسٹیشنز بھی بند کر دیئے گئے۔

ترجمان بزنس ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ تاجروں کو بھتہ خوروں سے تحفظ نہیں دیا گیا تو اگلا قدم غیر معینہ مدت تک کاروبار کی بندش ہوگی۔ چیئرمین کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری نے بھی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے آج ٹرانسپورٹ نہ چلانے کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے تاجر اتحاد کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کی ہے۔ ترجمان ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا ہے کہ تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ سنی تحریک نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

رات گئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دبئی میں موجود گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو فون کیا اور سید قرار علی کے قتل کی مذمت کی۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کو شہر کی صورت حال پر قابو پانے اور گشت میں اضافے کی ہدایت کی ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے انٹر میڈیٹ بورڈ، سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، وفاقی اردو یونیورسٹی اور جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے تحت ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ ملتوی شدہ پرچوں کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 170904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش