QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے، مظفر شاہ

14 Jun 2012 00:03

اسلام ٹائمز: عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر نے کہا ہے کہ 91-1990ء میں سیکورٹی کا جو خرچہ 90 کروڑ تھا وہ اب بڑھ کر 800 کروڑ روپے سالانہ ہو گیا ہے اور گذشتہ 22 سالوں کے دوران لگ بھگ 10 ہزار کروڑ روپے کا خرچہ ہو چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے کہا ہے کہ جب تک سیاسی عدم استحکام کی وجوہات پر توجہ نہیں دی جائے گی ریاست میں اقتصادی زوال بڑھتا جائے گا جبکہ غیر یقینی صورت حال میں بھی کوئی کمی نہیں ہو گی، انہوں نے جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، مظفر شاہ نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ کشمیر میں پھر سے سلامتی کا سوال کھڑا ہوا ہے اور پنچایتی نظام کی بحالی کے سلسلہ میں سرپنچوں اور پنچایتی اراکین کے انتخابات کے بعد حالات میں سدھار کے بجائے خوف کا لرزہ طاری ہو گیا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں پنچوں اور سر پنچوں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ پیش کیا اور دھمکیوں کے پیش نظر عام آدمی کی طرح زندگی گذارنے کا فیصلہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے پیش نظر کشمیر میں پنچوں اور سر پنچوں کی سلامتی کے اخراجات میں مسلسل اضافہ نا گزیر ہوتا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ 91-1990ء میں سیکورٹی کا جو خرچہ 90 کروڑ تھا وہ اب بڑھ کر 800 کروڑ روپے سالانہ ہو گیا ہے اور گذشتہ 22 سالوں کے دوران لگ بھگ 10 ہزار کروڑ روپے کا خرچہ ہو چکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 170945

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/170945/مقبوضہ-کشمیر-کی-موجودہ-صورتحال-تشویشناک-ہے-مظفر-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org