QR CodeQR Code

تمام قومی مسائل کی وجہ ملک میں امریکی مداخلت ہے، سید منور حسن

15 Jun 2012 22:25

اسلام ٹائمز:خطبہ جمعہ میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں بلکہ یہ ہم پر مسلط کی گئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی آزادی اور سالمیت کو شدید خطرہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے خطبہ جمعہ میں کہا ہے کہ حکومت انتظامی اداروں کی تباہی کے بعد اب آئینی اداروں کو ملیا میٹ کرنے پر تلی ہوئی ہے، میمو سکینڈل سے ثابت ہو گیا ہے کہ ہمارا سفیر دراصل امریکہ کا آلہ کار تھا جو فوج اور ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف خطرناک کھیل کھیل رہا تھا، سپریم کورٹ کی طرف سے اگرچہ کوئی فیصلہ بھی مکمل شکل میں سامنے نہیں آیا مگر اس کے باوجود این آر او سمیت چالیس سے زائد فیصلوں پر حکومت نے عمل درآمد نہیں کیا اور عدلیہ سے تصادم کی پالیسی پر گامزن رہی۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو بدنام کر کے عدلیہ کو بےتوقیر کرنے کی مکروہ سازش کی جا رہی ہے اور ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عدلیہ کو کمزور کیا جا رہا ہے، چیف جسٹس اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اپنے فیصلوں پر عمل کروائیں، عدالتی نظام کو برقرار اور باوقار رہنا اور اس کے خلاف سازشوں کا خاتمہ ہونا چاہئے، ملک کرپٹ اور بددیانت لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے معاشرہ ظلم اور ناانصافی کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں کے ظلم و ستم اور استحصال سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

سید منور حسن نے کہا کہ میمو سکینڈل سے زرداری حکومت کے کرتوت سب کے سامنے آ گئے ہیں اور ثابت ہو گیا ہے کہ امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر ریاست کی بجائے امریکی انتظامیہ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے میں لگے رہے اور ذاتی و امریکی مفادات پر قومی مفادات کو قربان کیا۔ سید منور حسن نے کہا کہ حکمران پاکستان کو سرزمین بےآئین بنانے پر تلے ہوئے ہیں جس میں جنگل کا قانون ہو اور کوئی ان کی لوٹ مار اور ملکی سلامتی و خودمختاری کے خلاف اقدامات کے راستے کی رکاوٹ نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم عدلیہ کے ساتھ ہے اور آئینی اداروں کو تباہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام قومی مسائل کی وجہ ملک میں امریکی مداخلت ہے لیکن حکمران آزاد اور خود مختار خارجہ پالیسی اپنانے کو تیار نہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں بلکہ یہ ہم پر مسلط کی گئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی آزادی اور سالمیت کو شدید خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت، مہنگائی، بے روزگاری، توانائی کے بحرانوں، دہشتگردی، ڈرون حملوں اور لاپتہ افراد سمیت تمام مسائل اسی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تحفے ہیں اور جب تک غلامان امریکہ کی انجمن ملکی اقتدار پر قابض ہے ان مسائل سے جان نہیں چھوٹ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور ایک بار پھر بم دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ حکومتی و عسکری پالیسیاں آج بھی پروامریکہ اور اینٹی پاکستان ہیں، امریکہ ملک کو انارکی اور انتشار کا شکار کر کے ہمارے ایٹمی اثاثوں کو عالمی کنٹرول میں لینا چاہتا ہے اور اس کے لیے وہ پہلو بدل بدل کر حملے کر رہا ہے، اس بار امریکہ نے آئینی اداروں کو براہ راست نشانہ بنانے کا مکروہ کھیل شروع کر دیا ہے اور اپنے ایجنٹوں کے ذریعے وہ ہمارے عدالتی نظام کو ختم کرنے اور قوم کی آخری امید کو چھین لینے کی سازش کر رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 171540

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/171540/تمام-قومی-مسائل-کی-وجہ-ملک-میں-امریکی-مداخلت-ہے-سید-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org