0
Friday 15 Jun 2012 23:38

حکمران اپنے حواریوں کے ذریعے عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، میاں محمد اسلم

حکمران اپنے حواریوں کے ذریعے عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، میاں محمد اسلم
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ حکمران اپنے حواریوں کے ذریعے عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ عوام کے اندر عدلیہ کے بارے میں غلط فہمیاں اور بداعتمادی پیدا کر کے اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی تمام محب وطن اور ملک میں آئین کی بالادستی کی خواہاں قوتوں کے ساتھ ملکر اس نازک موقع پر عدلیہ کا ساتھ دے گی۔ ملک ریاض نے دو لت کے بل بوتے پر عدالت کو خریدنے کی مذموم سازش کی ہے جس میں پاکستانی میڈیا کے چند افرد کا کردار بھی شرمناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے عدلیہ سے یکجہتی کے حو الے سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد، میاں محمد رمضان، محمد کاشف چوہدری، یونس گل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

میاں محمد اسلم نے کہا عدلیہ کے فیصلوں کو نہ ماننا ملکی اداروں کو کمزور کرنے کے مترادف ہے جس کا نتیجہ پاکستان کو کمزور کرنے پر منتج ہو گا۔ ملک پر قابض لینڈ مافیا اپنے کالے کارناموں پر پردہ ڈالنے کے لیے عدلیہ کے خلاف بداعتمادی اور نفرت کے راستے ہموار کرنے جا رہے ہیں۔ حکومت نے آج تک کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا اور پورا عرصہ حکمران عدلیہ سے محاذ آرائی اور تصادم کی پالیسی پر چلتے رہے اب جبکہ حکمرانوں کا چل چلاؤ ہے تو وہ چیف جسٹس کو جھکانے اور سابقہ حساب برابر کرنے کی مذموم سازشوں پر اتر آئے ہیں۔ میاں اسلم نے ازخود نوٹس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا اس فیصلے سے ملک میں انصاف کا بول بالا اور عدالت کا وقار بلند ہواہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سپریم کورٹ آئندہ بھی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور جلد از جلد انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ملک ریاض اور ان کے ان تمام حواریوں کو جنہوں نے عدلیہ کو بے توقیر کرنے کی سازش کی کو قرار واقعی سزاء دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 171593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش