QR CodeQR Code

ڈرون حملے خارجہ پالیسی پر سوالیہ نشان ہیں،سید وسیم اختر

16 Jun 2012 22:54

اسلام ٹائمز:امیر جماعت اسلامی پنجاب کا کہنا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان بھی دنیا میں باعزت اور باوقار ملک کے طور پر پہچانا جائے گا، ضرورت اس امر کی ہے کہ محب وطن قیادت میسر آئے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے منصورہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد عدلیہ کے خلاف سازشیں انتہائی قابل مذمت ہیں، فرسودہ نظام کے پیروکار نہیں چاہتے کہ ملک میں حقیقی معنوں میں مثبت تبدیلی آئے، معلوم ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے مشرف کے انجام سے سبق نہیں سیکھا، حکمرانوں کے پورے پورے خاندان کرپشن میں ملوث ہیں، اقتدار کی بندر بانٹ نے چار برس میں عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم آزمائے ہوئے چہروں سے ہوشیار رہیں اگر خدانخواستہ یہی لوگ دوبارہ اقتدار پر قابض ہو گئے تو کچھ نہیں بچے گا، بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے ملک میں سیاسی استحکام ناگزیر ہے، دشمن طاق میں بیٹھا ہے موجودہ حکمرانوں نے ملکی عزت، وقار اور سلامتی داؤ پر لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں کی نیت ٹھیک، کرپشن ختم اور ٹیکس نیٹ ورک میں اضافہ ہو جائے تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے، حکومت وقت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، پاکستان انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مایوسیوں میں گھرے عوام کو امید دلانے کے لئے مذہبی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مطالبہ کیا کہ حکمران عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کریں، پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے، عوام ملک میں چہروں کی نہیں نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، ڈرون حملے خارجہ پالیسی پر سوالیہ نشان ہیں، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان بھی دنیا میں باعزت اور باوقار ملک کے طور پر پہچانا جائے گا، ضرورت اس امر کی ہے کہ محب وطن قیادت میسر آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ دورانیہ بڑھنے سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، کاروبار زندگی تباہ ہو کر رہ گیا ہے، صرف پنجاب میں 30 ہزار صنعتی یونٹس بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں، مزید یہ بیرونی آرڈر پورے نہ کر سکنے پر پاکستانی صنعت کاروں کی ساکھ خراب جبکہ بھارتیوں کی مارکیٹ ویلیو میں اضافہ ہو رہا ہے لگتا ہے حکمران امریکی ایما پر بھارت کو عالمی مارکیٹ میں سپورٹ دے رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 171857

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/171857/ڈرون-حملے-خارجہ-پالیسی-پر-سوالیہ-نشان-ہیں-سید-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org