QR CodeQR Code

نیٹو سپلائی بلوچستان کے راستے ہرگز بحال نہیں ہونے دینگے، دفاع پاکستان کونسل

17 Jun 2012 01:19

اسلام ٹائمز:کونسل کے رہنمائوں نے کوئٹہ میں نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو سپلائی نظریہ پاکستان کے خلاف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل بلوچستان کی جانب سے کوئٹہ میں نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی کی قیادت دفاع پاکستان کونسل کے رہنمائوں مولانا عبدالقادر لونی، محمد رمضان مینگل، مولانا صلاح الدین، رشید احمد شروردی، حاجی عبد الستار، مولوی دوست محمد اور محمد صادق و دیگر نے کی، اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صورت نیٹو سپلائی کو بلوچستان کے راستے بحال نہیں ہونے دیا جائیگا۔ اس سلسلے میں قائدین کی ہدایات پر عمل درآمد کر کے غیر معینہ مدت تک دھرنے دئیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سپلائی نہ صرف پاکستان کے خلاف ہے۔ بلکہ اس سے افغانوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کیونکہ ان کے قتل میں ملوث فورسز کو یہاں سے خوراک اسلحہ اور دیگر سامان سپلائی ہوتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کے دبائو کے باعث امریکی غلامی کرنے والے بزدل حکمران بھی پچھلے نو مہینے سے نیٹو سپلائی بحال نہیں کرسکے۔ ہم ایسی فورسز کو جو مسلمانوں کے قتل عام، قرآن پاک کی بے حرمتی اور مدارس پر حملوں میں ملوث ہو کو کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی امریکہ اور اس کے حواری ڈرون حملوں کے ذریعے وزیرستان میں معصوم اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ جب کہ انہوں نے گذشتہ کئی سالوں سے افغان عوام کی خون کی ہولی شروع کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت کوئٹہ شہر میں علماء اور حفاظ کرام کا نہ صرف قتل کیا جا رہاہے، بلکہ دینی مدارس میں دھماکہ بھی کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 171871

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/171871/نیٹو-سپلائی-بلوچستان-کے-راستے-ہرگز-بحال-نہیں-ہونے-دینگے-دفاع-پاکستان-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org