QR CodeQR Code

پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے فرقہ وارانہ اور لسانی سازش کی جا رہی ہے، فضل کریم

18 Jun 2012 23:35

اسلام ٹائمز:سنی اتحاد کونسل کے صوبائی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ کونسل کا کہنا تھا کہ امریکی دباؤ کے مقابلہ کے لیے دانشمندی سے فیصلے کرنا ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے اعلان کیا ہے کہ اندرونی اور بیرونی خطرات کے مقابلہ کے لیے قوم کو متحد کرنے اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف جمعہ 22 جون کو ملک بھر میں ’’یومِ استحکام پاکستان‘‘ منایا جائے گا۔ اس روز ملک بھر کی مساجد میں جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں علماء و مشائخ قوم کو ملک دشمنوں کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیں گے اور جمعہ کے اجتماعات میں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے خلاف قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ اس بات کا اعلان انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان عالمی سازشوں کی زد میں ہیں، کراچی کے تاجر اور عام شہری شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں جو حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ اور اسلحہ دہشت گردی اور بدامنی کے واقعات میں استعمال ہو رہا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکمرانوں کو قومی یکجہتی پیدا کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنی چاہئیں، عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کر کے قومی سلامتی کے تقاضوں کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو غیرمستحکم کرنے کے لیے فرقہ وارانہ اور لسانی فسادات کی سازش کی جا رہی ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ خطے میں نئی گریٹ گیم کے خدوخال واضح ہونے لگے ہیں،بھارت امریکہ اتحاد کے ردعمل میں روس پاکستان کے قریب آ رہا ہے، روس اور چین یہ بات طے کر چکے ہیں کہ علاقے کے قدرتی وسائل پر امریکی تسلط برداشت نہیں کریں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکمران مشرف کے انجام اور اپنے ماضی سے سبق سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور بیوروکریٹس کے ناپاک اتحاد نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف خریدنے کے خواہشمندوں کو نشانِ عبرت بنانے میں تاخیر نہ کی جائے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکی دباؤ کے مقابلہ کے لیے دانشمندی سے فیصلے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ پر قابو نہ پایا گیا تو ملک میں انارکی پھیلے گی جس پر قابو پانا کسی کے بس میں نہیں رہے گا۔ اجلاس میں طارق محبوب، پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، محمد نواز کھرل، صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، محمد اکبر نقشبندی، الحاج محمد اصغر رامے، الحاج سرفراز تارڑ، شیخ اظہر سہیل، پیر میاں غلام مصطفی، پیر طارق ولی چشتی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان اور دیگر نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 172426

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/172426/پاکستان-کو-غیر-مستحکم-کرنے-کیلئے-فرقہ-وارانہ-اور-لسانی-سازش-کی-جا-رہی-ہے-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org