0
Tuesday 19 Jun 2012 23:14

سپریم کورٹ نے جرات مندانہ فیصلہ دیا، سید منور حسن

سپریم کورٹ نے جرات مندانہ فیصلہ دیا، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے سپریم کورٹ کی طرف سے یوسف رضا گیلانی کو نا اہل قرار دینے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے ایک تاریخ ساز اور جرأت مندانہ فیصلہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم تو سپریم کورٹ کے 26 اپریل کے فیصلے کے وقت ہی نااہل ہو گئے تھے مگر اپنی ہٹ دھرمی، پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کی عدالتی فیصلوں کو پرکاہ کے برابر اہمیت نہ دینے کی وجہ سے وہ زبردستی اس عہدے پر براجمان رہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور کابینہ کے فیصلوں کو سپریم کورٹ کی طرف سے غیر قانونی قرار دینے سے ملک و قوم کو جس آئینی بحران کا سامنا ہے پیپلز پارٹی 26 اپریل کے فیصلے کو تسلیم کر لیتی تو اس سے بچا جا سکتا تھا۔ سید منور حسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پوری تاریخ اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ اس نے ہمیشہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی توہین کی اور عدلیہ سے تصادم کی روش اپنائے رکھی، موجودہ دور حکومت نے سپریم کورٹ کے ساتھ محاذ آرائی جاری رکھی اور اس کے فیصلوں پر عمل در آمد نہیں کیا گیا اور جان بوجھ کر ان فیصلوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی اعتماد اور حق حکمرانی کھو چکی ہے وہ عوام کو ڈلیور کرنے اور اپنے مینڈیٹ کو پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے اور ملک و قوم کو بھی ا س نے شدید بحرانوں سے دوچار کیا ہے، زرداری نیا وزیر اعظم نامزد کرنے کے ساتھ عام انتخابات کا اعلان کریں اور ایک متفقہ عبوری حکومت کی نگرانی میں غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخ ساز فیصلے سے عدلیہ نے اپنے وجود کو تسلیم کروایا ہے اور امید ہے کہ وہ آئین و قانون کی بالادستی کیلئے اپنا جرأت مندانہ کردار جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 172695
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش