0
Thursday 21 Jun 2012 13:45

کرپٹ حکمران ملک میں فحاشی و عریانی پھیلانے کا موجب بن رہے ہیں،جماعت اسلامی بلوچستان

کرپٹ حکمران ملک میں فحاشی و عریانی پھیلانے کا موجب بن رہے ہیں،جماعت اسلامی بلوچستان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹریز حافظ مطیع الرحمان مینگل، حاجی عبدالقیوم کاکڑ اور مولانا مجیب الرحمان ساسولی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اللہ سے بغاوت کرنے والوں کے لئے دنیا و آخرت میں تباہی کے سوا کچھ نہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں اللہ اور اس کے رسول ص کا نظام رائج کیا جائے۔ بلوچستان حکومت نے عوام کو پریشانیوں، مشکلات، بدامنی اور بم دھماکوں کیساتھ لاشوں کے تحفے دیکر ٹارگٹ کلنگ میں بدترین اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی کا وجود ملک کے عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ ہمارے کارکن ہمیشہ میدان میں رہتے ہیں۔ حقوق العباد کا تقاضا بھی یہی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ فلاحی کاموں میں حصہ لیں اور لوگوں کی مشکلات میں ان کی مدد کریں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ قوم اور ملک اس وقت شدید بحرانوں کا شکار ہیں ان سے نجات کے لئے ہمیں آگے بڑھتے ہوئے لوگوں کی صحیح رہنمائی کرنا ہوگی۔ سیکولر قوتوں نے ہمیشہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے اور یہ قوتیں اب بھی ملک کے اسلامی تشخص کے خلاف متحد ہوچکی ہیں۔ فحاشی و عریانی کو فروغ دیا جارہا ہے۔ ہم اللہ کی رسی کو چھوڑنے کے نتیجے میں آج دنیا میں ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں۔ ملک کے عوام کو اب جاگنا ہوگا ورنہ بعید نہیں کہ دیکھنے کو تو ہم آزاد نظر آئیں مگر امریکی غلامی کا طوق ہمارے گلے میں ہو۔
 
انہوں نے کہا کہ اسلامی طرز معیشت اور طرز زندگی کو اختیار کرکے ہی ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے۔ سودی نظام نے بڑے بڑے ادارے دیوالیہ کر دیے ہیں۔ جو لوگ اللہ کا دین سیکھنے کیلئے نکلتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کیلئے جنت کا راستہ آسان بنا دیتا ہے۔ اللہ اور اس کے فرشتے اس انسان کیلئے دعا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن و سنت کو سمجھنا ہمارے لئے بہت ضروری ہے۔ دوری کی وجہ سے اُمت مسلمہ مشکلات کا شکار ہے۔
خبر کا کوڈ : 173003
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش