QR CodeQR Code

سنی اتحاد کونسل نے ملک گیر ’’یوم استحکام پاکستان‘‘منایا

22 Jun 2012 23:00

اسلام ٹائمز:صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے ملکی سلامتی شدید خطرات سے دوچار ہے قوم متحد ہو جائے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملکی سلامتی کو درپیش خطرات اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بلوچستان میں بدامنی اور ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے خلاف قوم کو متحد کرنے کے لیے ملک گیر ’’یومِ استحکامِ پاکستان‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں جمعہ کے اجتماعات میں علماء نے قومی یکجہتی اور استحکامِ پاکستان کے موضوع پر تقریریں کیں اور ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور سیاسی انتشار کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔

سنی تحریک کے مرکز سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یومِ استحکامِ پاکستان کے موقع پر سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے جامعہ غوثیہ قذافی ٹاؤن کراچی میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، ملکی سلامتی شدید خطرات سے دوچار ہے، اس لئے پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے قوم متحد ہو جائے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ قوم کو وزیراعظم کی تبدیلی سے کوئی دلچسپی نہیں،قوم استحصالی نظام کی تبدیلی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ استحکامِ پاکستان کے لیے سیاسی و معاشی استحکام ضروری ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سیاستدان اور حکمران قوم کو تقسیم اور قومی وحدت کو پارہ پارہ کر رہے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ لسانی، صوبائی اور فرقہ وارانہ تعصبات نے ملک کو کمزور کیا ہے۔ استحکامِ پاکستان کے لئے پاکستانیت کے جذبوں کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں سنی اتحاد کونسل کے مرکزی فنانس سیکرٹری پیر محمد اطہر القادری نے محافظ ٹاؤن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محب وطن ملک بچانے کے لئے میدان میں آئیں اور پاکستان دشمن طاقتوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں۔ لاہور میں مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، مولانا قاری مختار احمد صدیقی نے بھی اجتماعات سے خطاب کیا۔ سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین پیر محمد افضل قادری نے گجرات میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان توڑنے کے خواب پورے نہیں ہونے دیں گے کیونکہ پاکستان قیامت تک قائم رہنے کے لئے بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تحفظ، استحکام اور سلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

جماعت اہلسنّت پاکستان کے امیر صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے قومی اتحاد اور قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔ مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے کہا کہ عوام لوٹ مار کرنے والے حکمرانوں کا محاسبہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔ بیرونی سرمایہ اور اسلحہ دہشت گردی میں استعمال ہو رہا ہے۔

یومِ استحکامِ پاکستان کے سلسلہ میں حافظ آباد میں پیر سید شجاع حسین حافظ آبادی، گوجرانوالہ میں صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، فیصل آباد میں مولانا باغ علی رضوی، سمندری میں مفتی محمد سعید رضوی، منڈی بہاؤ الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، میانوالی میں صاحبزادہ عبدالمالک، سکھر میں مفتی محمد عارف سعیدی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، ایبٹ آباد میں مفتی غلام سرور ہزاروی، ساہیوال میں میاں محمد اصغر رامے نے اجتماعات سے خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 173374

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/173374/سنی-اتحاد-کونسل-نے-ملک-گیر-یوم-استحکام-پاکستان-منایا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org