0
Sunday 24 Jun 2012 15:20

27 جون کو تمام وکلاء تنظیمیں ملک بھر میں حکومتی سازشوں کے خلاف یوم سیاہ منائیں گی

27 جون کو تمام وکلاء تنظیمیں ملک بھر میں حکومتی سازشوں کے خلاف یوم سیاہ منائیں گی
اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان نمائندہ وکلاء کنونشن نے راجہ پرویز اشرف کو وزیراعظم تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، 27 جون کو ملک بھر میں عدلیہ سے اظہار یکجہتی اور حکومتی رویہ کے خلاف یوم سیاہ منانے اور عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا ہے۔ میمو اسکینڈل کے شریک ملزم آصف علی زرداری کا ٹرائل کرنے، بجلی کا بحران، مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ اور سپریم کورٹ کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا گیا۔ 

لاہور الحمرا میں آل پاکستان وکلا کنونشن منعقد ہوا۔ جس کی صدارت سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر حامد خان نے کی جبکہ لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شہرام سرور، لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ذوالفقارحسین، اظہر صدیق ایڈووکیٹ، راجا ذوالقرنین اور حفیظ الرحمن چوہدری سمیت ملک بھر کی وکلاء تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ کنونشن میں مختلف قراردادیں منظور کی گئیں جن میں وفاقی حکومت کی عدلیہ کے خلاف سازشوں، عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد نہ کرنے کی شدید مذمت کی گئی اور اعلان کیا گیا کہ 27 جون کو تمام وکلاء تنظیمیں ملک بھر میں حکومتی سازشوں کے خلاف یوم سیاہ منائیں گی اور عدلیہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ 

اس سلسلہ میں وکلا تنظیمیں جلسے جلوس اور ریلیوں کا انعقاد کریں گی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت سپریم کورٹ کے تمام فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کرے۔ وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے حامد خان ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ میمو اسکینڈل کے شریک ملزم آصف علی زرداری کا بھی ٹرائل کیا جائے۔ وکلاء برادری میمو کمیشن کی تمام سفارشات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف بھی آصف زرداری کے کارندے ہیں اور وکلاء برادری ان کو بطور وزیراعظم تسلیم نہیں کرتی۔
خبر کا کوڈ : 173818
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش