0
Sunday 24 Jun 2012 22:40

ذلت و رسوائی امریکہ کا مقدر بن چکی ہے، سید منور حسن

ذلت و رسوائی امریکہ کا مقدر بن چکی ہے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں شکست سے دوچار ہوچکا ہے، ذلت و رسوائی اب اس کا مقدر بن چکی ہے۔ دنیا بھر کی 60 فیصد تربیت یافتہ اور جدید اسلحے و گولا بارود سے لیس فوج گیارہ سال گذر جانے کے باوجود جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار افغان مجاہدین کو شکست نہیں دے سکی ہے۔ جو حکمران اتحاد اپنے ساڑھے چار سالہ دور حکومت میں عوام کو دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، بدامنی، بیروزگاری، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور امریکی مداخلت سے نجات سمیت بنیادی مسائل حل نہیں کرسکتا ان سے آئندہ چند ماہ میں مسائل حل کرنے کی کیا توقع کی جاسکتی ہے۔ ان حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ فوری طور پر نئے انتخابات کرائے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے تحت مسجد رضوان میں منعقدہ 2 روزہ تربیت گاہ برائے امیدواران کے آخری روز اختتامی خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو، مرکزی ڈپٹی سکریٹری پروفیسر قمر میمن، صوبائی نائب امراء ڈاکٹر ممتاز علی میمن، ممتاز حسین سہتو، عبدالغفار عمر، قیم راشد نسیم، نائب قیمین عبدالوحید قریشی، عبدالحفیظ بجارانی، نواب مجاہد بلوچ اور حلقہ کراچی کے سکریٹری نسیم صدیقی بھی موجود تھے۔

سید منور حسن نے کہا کہ انتخابات میں کس طرح عوامی رائے کو ہائی جیک کیا جاتا ہے اس سے ساری قوم باخبر ہے اس کے باوجود جماعت اسلامی انتخابات کو ہی معاشرہ میں پر امن تبدیلی کا ذریعہ سمجھتی ہے اور اس کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔ زلزلہ، سیلاب اور خیبر پختونخوا میں فوجی آپریشن کے دوران ہجرت کرنے والے عوام کی جماعت اسلامی اور اس کے فلاحی ادارے الخدمت فاﺅنڈیشن کے کارکنان نے بھرپور مدد کی ہے جس کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اول تا آخر ایک دینی تحریک اور دین مغلوب نہیں بلکہ غالب ہونے کا نام ہے۔ اس وقت پوری دنیا کا منظر نامہ مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کا منظر پیش کررہا ہے، کفر کی قوتیں ہر حال میں مسلمانوں کو دہشتگرد ثابت کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں حالانکہ دہشتگردوں کا کوئی دین ایمان نہیں ہوتا، یہ تمام تر کوششیں پاکستان کا گھیراؤ کرنے مذموم سازشوں کا حصہ ہیں۔

بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مفاہمت کے نام پر دہشتگردوں کو اپنی گود میں بٹھا رکھا ہے جس نے گذشتہ ساڑے چار سالوں کے دوران بیروزگاری، مہنگائی، بھتہ خوری، بدامنی اور کرپشن میں اضافہ اور قومی خزانے کی لوٹ مار کرکے خزانہ کو خالی کردیا ہے، ایسے لوگوں سے کسی خیر کی امید فضول ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تن تنہا کوئی بھی جماعت مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، جو حکومت پارلیمنٹ کی متفقہ قراردادوں و عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد اور عوامی جذبات کا احترام نہ کرے اس حکومت کو کیسے آئینی و جمہوری کہا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 173890
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش