QR CodeQR Code

مسلم لیگ سندھ میں بھی میدان مارے گی، آئندہ انتخابات میں سیاسی منظرنامہ تبدیل ہوگا، نواز شریف

26 Jun 2012 19:33

اسلام ٹائمز: اپنے ٹیلیفونک خطاب میں مسلم لیگ ن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے کئی سیاسی رہنما جلد مسلم لیگ ن میں شامل ہونگے اور وہ عنقریب سندھ کا دورہ کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں سندھ کا سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوگا اور مسلم لیگ سندھ میں بھی میدان مارے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں سابق صوبائی وزیر حاجی شفیع محمد جاموٹ، سابق ناظمین اور سیاسی رہنماؤں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ سندھ کے کئی سیاسی رہنما جلد مسلم لیگ ن میں شامل ہونگے اور وہ عنقریب سندھ کا دورہ کرینگے، موسم کی خرابی کی وجہ سے وہ آج کراچی نہیں پہنچ سکے، جس پر شرکاء سے معذرت چاہتے ہیں۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کے صدر غوث علی شاہ نے کہا کہ جو عدلیہ کے فیصلوں کو نہیں مانتے وہ پھر چلے جاتے ہیں، یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے سبق حاصل کرکے جلد انتخابات کرائے جائیں۔ سابق گورنر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف سے اختلافات کی وجہ سے انہوں نے گورنر شپ چھوڑ دی تھی، مسلم لیگ ن اقتدار میں آکر بلوچستان کا مسئلہ حل کرے گی۔

سابق وزیراعلٰی سندھ لیاقت جتوئی نے کہا کہ وہ صدر زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے مینڈٹ کو تسلیم نہیں کرتے، مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ملک تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے، کراچی میں غیر اعلانیہ خانہ جنگی شروع ہو چکی ہے، پاکستان کو تباہی سے بچانا ہے تو موجودہ حکمرانوں کے خلاف سب کو اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔ ماروی میمن نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف مسلم لیگ ن کے پاس ہے، مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جو سپریم کورٹ کے فیصلوں کا تحفظ کرے گی۔ تقریب سے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 174533

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/174533/مسلم-لیگ-سندھ-میں-بھی-میدان-مارے-گی-آئندہ-انتخابات-سیاسی-منظرنامہ-تبدیل-ہوگا-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org