0
Friday 25 Dec 2009 08:57

اسلام آباد،ماتمی جلوس کی طرف بڑھنے والا خودکش حملہ آور ہلاک

شکریال خودکش حملہ،زخمی ہیڈ کانسٹیبل کی ترقی اور ایک لاکھ انعام کا اعلان
اسلام آباد،ماتمی جلوس کی طرف بڑھنے والا خودکش حملہ آور ہلاک
 اسلام آباد:اسلام آباد ہائی وے پر واقع نیو شکریال میں خودکش دھماکہ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔محرم الحرام کے ماتمی جلوس کے ہمراہ آنیوالے پولیس کانسٹیبل اتفاق نے ماتمی جلوس کی طرف بڑھنے والے شخص کو روکنے کے باوجود نہ رکنے پر گولی مار دی۔جس سے دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا،جس میں ایک 6سالہ بچی عروج دختر عارف دھماکہ کے نتیجہ میں جاں بحق ہو گئی جبکہ بچی کا باپ اور کانسٹیبل اتفاق زخمی ہو گئے ہیں۔دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی بنیامین،ایس ایس پی طاہر عالم جان پولیس کی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ ڈی ایس پی اسحاق وڑائچ نے انہیں بتایا کہ راولپنڈی سے آنیوالا ماتمی جلوس سائیں بوٹا دربار میں داخل ہو رہا تھا کہ ایک 18/19سالہ لڑکے نے واک تھروگیٹ کی طرف بڑھنے کی کوشش کی۔ جامہ تلاشی پرمامور سیکورٹی گارڈ نے اسے روکنے کی کوشش کی تو وہ آگے بڑھتا رہا جس پر ڈیوٹی پرمامور کانسٹیبل اتفاق نے اس پر گولی چلا دی جس سے خودکش جیکٹ پھٹ گئی۔اسکی زد میں آ کر 6سالہ بچی جاں بحق اور اس کا باپ محمدعارف زخمی ہو گیا۔
شکریال خودکش حملہ،زخمی ہیڈ کانسٹیبل کی ترقی اور ایک لاکھ انعام کا اعلان
اسلام آباد:آئی جی اسلام آباد سید
کلیم امام نے شکریال خودکش حملے میں زخمی ہونے والے بہادر ہیڈ کانسٹیبل محمد اتفاق کو ترقی دے کر اے ایس آئی بنانے اور ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔پمز اسپتال میں ہیڈ کانسٹیبل محمد اتفاق کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ وہ اس بہادر پولیس اہلکار کی قائد اعظم پولیس میڈل کے لیے سفارش کریں گے، ایک سوال کے جواب میں کلیم امام نے کہا کہ رواں سال اسلام آباد پولیس نے اٹھتر دہشت گردوں کو گرفتار کیا جو اڈیالہ جیل میں ہیں،کلیم امام نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے اکتالیس پولیس اہلکاروں نے شہریوں کی زندگیاں بچاتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اسلام آباد،خودکش حملہ، بچی ہلاک،دو اہلکار زخمی
اسلام آباد:اسلام آباد ہائی وے پر راولپنڈی کے علاقے شکریال میں خودکش حملے سے ایک چھ سالہ بچی عروج جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔ہیڈ کانسٹیبل اتفاق علی کو اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی اور ایک لاکھ روپے انعام دے دیا گیا۔راولپنڈی کے علاقے شکریال میں خودکش حملے سے چھ سالہ عروج جاں بحق ہو گئی جبکہ بچی کا والد عاطف اور پولیس اہلکار اتفاق علی ٹانگوں میں چھرے لگنے سے
زخمی ہو گیا۔زخمیوں کو پمزسپتال اسلام آباد میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی۔پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور راولپنڈی کی سائڈ سے پیدل چل کر آیا تھا۔شکریال میں سائیں بوٹا کے دربار کے قریب پہنچ کر سولہ سالہ لڑکے نے پولیس چیک پوسٹ سے داخل ہونے کی کوشش کی تو ڈیوٹی پرموجود پولیس ہیڈ کانسٹیبل اتفاق علی نے اسے روک کر تلاشی لینا چاہی تو اس نے خود کو اڑا دیا۔پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کی بیلٹ کا ایک حصہ پھٹا اور دوسرا حصہ نہیں پھٹ سکا۔حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا لیکن اس کا چہرہ بالکل صحیح حالت میں پولیس کو مل گیا ہے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے حملے میں جاں بحق ہونے والی بچی کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمی پولیس ہیڈ کانسٹیبل کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو محرم الحرام کے جلوس اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واقع کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی اسلام آباد کلیم امام نے پمزسپتال کے دورے پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے زخمی ہیڈ کانسٹیبل اتفاق علی اب بہتر ہے اور اس نے بڑی بہادری کا کام کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 17463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش