QR CodeQR Code

ایساف کمانڈر جنرل جان ایلن کا دورہ پاکستان، جنرل کیانی سے اہم ملاقات کرینگے

27 Jun 2012 12:26

اسلام ٹائمز: ملاقات میں ایساف کمانڈر کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن پر زور دیا جائے گا جبکہ پاکستان کی جانب سے اپر دیر میں دراندازی کے تازہ واقعات اور افغانستان سے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر سکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر بات ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ ایساف کے کمانڈر جنرل جان ایلن آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ وہ آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی سے بھی ملاقات کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل جان ایلن کے دورے کے دوران پاک افغان سرحد پر رابطے کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے  سے بات کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں افغانستان سے شدت پسندوں کے پاکستان میں داخلے اور نیٹو سپلائی پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایساف کے کمانڈر جنرل جان ایلن آج پاکستان کادورہ کریں گے۔ وہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے اہم ملاقات کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ایساف کمانڈر کی آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات اہم نوعیت کی ہوگی۔ ملاقات میں پاکستان اور اتحادی افواج کے درمیان شدت پسندی کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون سمیت سرحدی رابطوں سے متعلق وضع کردہ نئے میکنزم اور دیگر امور کے اطلاق کیلئے اقدامات سے متعلق بات چیت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایساف کمانڈر کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن پر زور دیا جائے گا جبکہ پاکستان کی جانب سے اپر دیر میں دراندازی کے تازہ واقعات اور افغانستان سے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر سکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر بات ہوگی۔

پاکستان اور امریکا کے درمیان چھبیس نومبر کو سلالہ چیک پوسٹ پر ایساف کے حملے کے بعد تعلقات اور تعاون انتہائی محدود سطح تک پہنچ گیا تھا اور طویل عرصہ تک عسکری قیادت کے درمیان رابطے بھی منقطع رہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں عسکری قائدین کے درمیان اس ملاقات کو پاک امریکہ تعلقات اور عسکری تعاون کے حوالے سے خصوصی اہمیت کی حامل قرار دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 174681

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/174681/ایساف-کمانڈر-جنرل-جان-ایلن-کا-دورہ-پاکستان-کیانی-سے-اہم-ملاقات-کرینگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org