0
Wednesday 27 Jun 2012 19:54

سید حسن نصراللہ سے علامہ ناصر عباس کی ملاقات، قائد مقاومت کا قرآن و سنت کانفرنس کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

سید حسن نصراللہ سے علامہ ناصر عباس کی ملاقات، قائد مقاومت کا قرآن و سنت کانفرنس کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار
اسلام ٹائمز۔ قائد مقاومت سید حسن نصراللہ سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کی ملاقات ہے، جس میں عالمی ایشوز سمیت اسلامی تحریکوں اور عالم اسلام کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لبنان میں ہونے والی اس ملاقات میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اگر لبنان کے سترہ لاکھ شیعہ مسلمان سنی بھائیوں کے ساتھ ملکر اپنی وحدت کے ذریعے اسرائیل کو شکست سکتے ہیں اور اپنے ملک کو بیرونی قوتوں کے چنگل سے نجات دلا سکتے ہیں تو پاکستان میں بسنے والے چار کروڑ سے زائد شیعہ بھی اپنے سنی بھائیوں کے ساتھ ملکر اپنے ملک کو امریکی پنجوں سے نجات دلا سکتے ہیں۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس نے انہیں بتایا کہ مجلس وحدت، پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد کیلئے کوشاں ہے، وطن دوستی کی ترویج، معاشرے میں محبت اور رواداری کا فروغ ہمارا سب سے بڑا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد عارف حسین الحسینی ہی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور انہی کی فکر پر چلتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ 

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ ملک کے گوش و کنار میں قرآن و سنت کانفرنس کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں، کانفرنس میں شرکت کیلئے تمام شخصیات کو دعوت دی جاچکی ہے، ہمیں امید ہے کہ قوم اس عظیم اجتماع میں بھرپور شرکت کر کے اپنی ملی بیداری کا بھرپور ثبوت دے گی اور دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دے گی۔ سید حسن نصر اللہ نے علامہ ناصر عباس جعفری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و سنت کانفرنس کی کامیابی کیلئے حزب اللہ کی نیک خواہشات شامل حال ہیں، یہ کانفرنس پاکستان کے استحکام اور عالم اسلام میں وحدت کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 174822
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش