0
Wednesday 27 Jun 2012 22:47

نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو امریکہ نواز حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دینگے، مولانا سمیع الحق

نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو امریکہ نواز حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دینگے، مولانا سمیع الحق
اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علماء اسلام کے قائد مولانا سمیع الحق نے امریکی عہدے داران کی جانب سے دئیے گئے بیان کہ نیٹو سپلائی کے معاملات طے پا چکے ہیں کے ردعمل میں کہا کہ اگر نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو امریکہ نواز حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ہے اور اس کے 18 کروڑ غیور عوام کسی بھی صورت اس سرزمین پاک کو امریکہ اور مغرب کے ایما پر اپنے مسلمان بھائیوں کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل اور بحرانوں کا حل شریعت محمدی کا نفاذ ہے اور پاکستان کے 18 کروڑ عوام بندوق اٹھائے بغیر پرامن جمہوری اور آئینی جدوجہد کے ذریعہ اس ملک میں اسلامی نافذ کرا کے رہیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف تقریبات، اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ یہ وقت پوری قوم کو سد سکندری بن جانے کا ہے اور ایسے وقت میں گروہی اور فرقہ ورانہ لڑائیوں اور باہمی جنگ و جدال کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ اسوقت عالم کفر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف متحد ہوچکا ہے، اس کا مقابلہ صرف دینی قوتوں اور پوری امت مسلمہ کے اتحاد سے کیا جا سکتا ہے۔ علماء کرام اور دین کے طلباء، دینی قوتیں ملت کی بقاء، امت کی سلامتی مذہب کی حفاظت، پاکستان اور عالم اسلام کی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہیں۔

مولانا سمیع الحق نے فارغ التحصیل ہونے والے فضلاء اور ہزاروں علماء کو درپیش چیلنجوں سے متعارف کرایا اور کہا کہ اسلام کے بارے میں مغرب کے منفی اور جھوٹے پروپیگنڈہ کا توڑ کرنے کیلئے اسلام کی اصل عادلانہ تصویر پیش کرنی چاہیے، اسلام دہشتگردی کا نہیں بلکہ امن کا ضامن اور انسانیت کی نجات کا پیغام ہے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ امریکہ نہ افغانستان سے اسلام اور بنیاد پرست ختم کرسکا ہے نہ وہ عراق اور پاکستان میں کامیاب ہوگا، پاکستان دنیا میں اسلام کا قلعہ ہے، سیکولر عناصر کے عزائم خاک میں ملا دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولہ کو جان لینا چاہیے کہ پاکستان کے 18 کروڑ عوام کسی بھی صورت ناٹو سپلائی کی بحالی کی اجازت نہیں دیں گے اور جس روز ناٹو سپلائی کی بحالی کا اعلان کیا گیا پوری قوم سراپا احتجاج بن کر امریکہ نواز حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دے گی۔

مولانا سمیع الحق نے پوری امت کے اسلامی تشخص اور آزادی و سالمیت کیلئے دنیا بھر کے علماء اور دینی قوتوں کی وحدت اور یکجہتی پر زور دیا اور کہا کہ اس فیصلہ کن معرکہ میں حکمران اور سیاستدان اور فوج نے نہیں رسول اکرم کے وارثین اور علم نبوت کے حاملین نے ادا کرنا ہے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ مدارس کے خلاف عالم کفر کا اتحاد بے معنی نہیں وہ مسلمانوں کو ان کی اصل تعلیمات سے محروم کرنا چاہتے ہیں، اگر حکمرانوں نے ان کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے تو خدانخواستہ یہ ملک تاشقند اور سمرقند بن جائے گا یا پھر یہاں الجزائر کی طرح خانہ جنگی شروع ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مدارس اپنے طور پر تمام اصلاحات کر رہے ہیں، تمام جدید تقاضوں کے مضامین ہمارے نصاب میں شامل ہیں، حکومت کو اس صورتحال میں زور اور جبر کی بجائے ارباب مدارس سے مذاکرات اور افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں تعلیم کا بھرم صرف دینی مدارس سے قائم ہے، حکمرانوں سے 65 سال میں اپنے تعلیمی نظام اور نصاب کی اصلاح نہ ہو سکی اور اسے بالاخر اسلام دشمن بورڈوں کو ٹھیکے پر دے دیا جو ہمارے تعلیمی نظام سے اسلامی اثرات اور تعلیمات کو چن چن کر نکال رہے ہیں، مگر پاکستان میں یہ کوششیں ہرگز کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔
خبر کا کوڈ : 174880
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش