0
Thursday 28 Jun 2012 15:18

قرآن و سنت کانفرنس، شہباز شریف نے دو دن کیلئے ٹینٹ آفس موخر کر دیا

قرآن و سنت کانفرنس، شہباز شریف نے دو دن کیلئے ٹینٹ آفس موخر کر دیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی یکم جولائی کو ہونے والی قرآن و سنت کانفرنس کی وجہ سے اپنا احتجاجی ٹینٹ آفس دو دن 30 جون اور یکم جولائی کیلئے موخر کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلٰی پنجاب اپنی دیگر مصروفیات میں دو دن گزاریں گے اور دو جولائی کو دوبارہ احتجاجی ٹینٹ آفس میں کام کریں گے۔ یاد رہے کہ وزیراعلٰی پنجاب نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف وفاقی حکومت کے خلاف احتجاجاً اپنا آفس مینار پاکستان گراؤنڈ میں منتقل کر رکھا ہے اور وہیں پر لوگوں کی شکایات کے لئے کھلی کچہری لگاتے ہیں اور دفتری امور نمٹاتے ہیں۔

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یکم جولائی کو مینار پاکستان پر ہونے والی قرآن و سنت کانفرنس اتحاد امت کیلئے سنگ میل اور دہشتگردوں کے لئے مایوسی کا پیغام ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کانفرنس کے شرکاء کی فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کر رہی ہیں اور حساس ادارے دہشتگرد گروہوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ عوام بلاخوف و خطر کانفرنس میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب نے کانفرنس کیلئے اپنا ٹینٹ آفس دو روز کیلئے موخر کیا ہے، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

علامہ اسدی نے کہا کہ ملت تشیع کی ٹارگٹ کلنگ اور ملک میں فرقہ واریت اور امریکی مداخلت کے خلاف قرآن و سنت کانفرنس اتحاد امت میں اہم کردار ادا کرئے گی اور اس کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ دور دراز کے علاقوں سے قافلے روانہ بھی ہوچکے ہیں، جو مینار پاکستان گراؤنڈ پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اتحاد امت کا مشن لے کر نکلی ہے اور ہم امت کو متحد کرکے اسلام و پاکستان دشمنوں کی سازشیں ناکام بنا دیں گے۔ 

علامہ اسدی نے کہا کہ مینار پاکستان میں ہونے والی یہ کانفرنس ماضی میں عظمت اسلام اور قرآن و سنت کانفرنس کی یاد تازہ کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر لئے گئے ہیں اور پنجاب پولیس خصوصی طور پر ہمارے ساتھ تعاون کر رہی ہے، جب کہ پنجاب حکومت کا تعاون بھی لائق تحسین ہے۔
خبر کا کوڈ : 175051
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش