0
Thursday 28 Jun 2012 19:46

علامہ ساجد نقوی کی جانب سے کوئٹہ میں زائرین کی بس پر حملے کی شدید مذمت، 3 روزہ سوگ کا اعلان

علامہ ساجد نقوی کی جانب سے کوئٹہ میں زائرین کی بس پر حملے کی شدید مذمت، 3 روزہ سوگ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ایران سے کوئٹہ آنے والی زائرین کی بس پر ہزار گنجی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں پندرہ سے زائد زائرین کی شہادت اور متعدد کے شدید زخمی ہونے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، لاقانونیت اور ظلم و بربریت کے گذشتہ واقعات کا تسلسل ہے، جو ایک مدت سے جاری ہیں اور ان میں سینکڑوں معصوم اور بے گناہ انسان لقمہ اجل بن چکے ہیں، مگر نہ تو ان سانحات کے مرتکب دہشتگردوں اور انکے سرپرستوں کو بے نقاب کیا جاسکا اور نہ ہی پس پردہ حقائق کو منظر عام پر لاکر عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کیا گیا۔

ملی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ ایسی سنگین اور گھمبیر صورتحال میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور انہیں کسی جانب کوئی جائے امن دکھائی نہیں دیتی اور کہیں سے بھی ان کے دکھوں کا مداوا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ یہ تشویشناک صورتحال ملک کو لمحہ بہ لمحہ تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہے اور حکومت و ریاست کے وجود کے بجائے عملاً ملک پر دہشتگردوں اور قاتلوں کی حکمرانی نظر آتی ہے۔
 
انکا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہا ہے اور خدشہ ہے کہ اگر یہ صورتحال بدستور جاری رہی اور معصوم انسانوں کا خون ناحق یونہی بہتا رہا تو عوامی غیض و غضب پر کنٹرول کسی کے بس میں نہ ہوگا۔ انہوں نے اس سانحہ میں شہید ہونے والے زائرین کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور شیعہ علماء کونسل بلوچستان اور ضلع کوئٹہ کے کارکنان کو امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت کی۔
خبر کا کوڈ : 175090
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش