0
Friday 29 Jun 2012 14:58

علی والوں نے ہر دور کے فرعون اور یزید کو ذلت سے دوچار کیا، علامہ عبدالخالق اسدی

علی والوں نے ہر دور کے فرعون اور یزید کو ذلت سے دوچار کیا، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ ملت تشیع میدان عمل میں دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والی قوم ہے، اسے میدان چھوڑ کر بھاگنا نہیں آتا، ہم نے طاغوت سے ٹکرانے کا درس کربلا سے لیا ہے، ہمارے پاس لبیک یاحسین (ع) کا نعرہ ہے، جس کے ذریعے ہم اس بات کا اظہار کرتے ہیں کہ اگرچہ ہم میدان کربلا میں موجود نہیں تھے لیکن مولا حسین (ع) کے استغاثہ ہل من ناصر پر لبیک کہتے ہوئے کربلائے عصر میں ہر یزید کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔

’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج دشمن ہمیں گولیوں، بم دھماکوں، اور خودکش حملوں سے ڈرا رہا ہے، ملت تشیع اتنی کمزور نہیں کہ ان دہشتگردوں کا مقابلہ نہ کر سکے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم منظم اور متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کریں، دنیا جانتی ہے کہ علی (ع) والوں نے ہر دور کے فرعون اور یزید کو ذلت سے دوچار کیا، حزب اللہ نے اسرائیل کے ساتھ 33 روزہ جنگ میں ثابت کیا کہ خواہ چودہ سو سال پہلے کا یزید ہو یا آج کا یزید، حسینیت کو شکست نہیں دے سکتا، ذلت اور رسوائی اس کا مقدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم لاوارث نہیں، ہمارا امام (ع) زندہ ہے، نبی (ص) کا کام راستہ دکھانا ہے جبکہ امامت ہاتھ پکڑ کر منزل تک پہچاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان میں سترہ لاکھ شیعان علی (ع) نے متحد اور منظم ہو کر اسرائیل کو شکست دی، اگر پاکستان کے پانچ کروڑ شیعہ منظم اور متحد ہوجائیں تو نہ یزید رہے گا اور نہ یزیدیت، نہ دہشتگرد رہیں گے اور نہ دہشتگردی، اسلامی جمہوریہ پاکستان امن و امان کا گہوارہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء، ذاکرین، ماتمی اور عزادار ہم سب ایک ہیں، ہمارا ایک ہی گروپ ہے کہ ہم علی (ع) والے ہیں اور ہمارا ایک ہی مشن ہے کہ ہم نے مل کر عصر حاضر کا خیبر اکھاڑنا ہے، ہمیں مولا حسین (ع) نے درس دیا تھا کہ ذلت ہم سے دور ہے، ہمارے لیے ذلت کی زندگی سے عزت کی موت بہتر ہے، آج ہمیں بسوں سے اتار کر شہید کیا جا رہا ہے کوئٹہ، گلگت، کراچی، ڈی آئی خان اور پار چنار سمیت کوئی بھی علاقہ ایسا نہیں، جہاں شیعیان علی (ع) کا خون نہ بہایا جا رہا ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے پاس ایم ڈبلیو ایم کی شکل میں ایک مضبوط پلیٹ فارم موجود ہے۔ انشاءاللہ یکم جولائی کو اس پلیٹ فارم پر ملت تشیع کو منظم اور متحد کرنے کیلئے مینار پاکستان لاہور میں قرآن و سنت کانفرنس منعقد ہوگی۔ جس میں ملک کے کونے کونے سے علمائے کرام، ذاکرین، ماتمیوں اور عزاداروں سمیت ملت تشیع کے تمام طبقات لاکھوں کی تعداد میں شریک ہو کر سرزمین وطن پر ہونیوالی شیعہ نسل کشی، بیرونی جارحیت، دہشتگردی، لاقانونیت، غربت، مہنگائی اور کرپشن کے خلاف ہم آواز ہو کر صدائے احتجاج بلند کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 175234
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش