0
Friday 29 Jun 2012 17:31

فرقہ واریت اور پارٹی بازی کا اسلام میں کوئی تصور نہیں، حافظ سعید

فرقہ واریت اور پارٹی بازی کا اسلام میں کوئی تصور نہیں، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملکوں و معاشروں میں اللہ کا دین نافذ کرنے کیلئے سب سے پہلے اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے، فرقہ واریت اور پارٹی بازی کا اسلام میں کوئی تصور نہیں، امت مسلمہ کو سب سے زیادہ نقصان اسی چیز نے پہنچایا ہے، مسلم حکمران قرآن کی رہنمائی میں پالیسیاں ترتیب دیں، اس کے بغیر مسلمانوں کے مسائل کا حل ممکن نہیں۔

وہ جامع مسجد القادسیہ چوبرجی میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ حکمرانوں و عوام کی اللہ کے دین سے دوری ہے، ملکوں، معاشروں و خاندانوں میں اسلامی تعلیمات پر عمل نہ ہونے کے برابر ہے، ہندووانہ رسوم و رواج، غیر اسلامی نظاموں اور طور طریقوں پر عمل مسلمانوں کی زندگیوں کا حصہ بن چکا ہے، قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے میں غفلت سے کام لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان بیرونی قوتوں کے کلچر و ثقافت کو اپنائیں گے، کاروبار اور سیاسی و معاشی معاملات میں ان کے پیچھے چلیں گے اور پھر توقع یہ رکھیں کہ اسلام نافذ ہو جائے گا تو ایسا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ واریت امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے، اسے ختم کر کے مسلمانوں کو قرآن و سنت پر متحد کرنے کی ضرورت ہے، امت کا وجود اسی طرح مستحکم ہو گا، اسلام دشمن قوتیں منظم سازشوں اور منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کرنا چاہتی ہیں۔

امیر جماعت الدعوۃ کا کہنا تھا کہ اتحاد و یکجہتی کے بغیر کفار کی ان سازشوں پر قابو پانا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنے گھروں میں کتاب و سنت نافذ کریں، خواتین پردہ کریں، اپنی اولادوں کی تربیت دینی بنیادوں پر کریں اور انہیں ایسے تعلیمی اداروں میں داخل نہ کروائیں جہاں ان کے عقیدے و ایمان برباد ہونے کا اندیشہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں دنیا کے حالات بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے مقابلہ میں شکست پر کفار مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈہ کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں لوگوں کے ذہن برباد کرنے کیلئے خوفناک سازشیں کی جا رہی ہیں لیکن بیرونی قوتیں اس طرح کے گھٹیا اور مذموم ہتھکنڈے استعمال کر کے ہمیں اسلام و پاکستان کے دفاع کی جدوجہد سے نہیں روک سکتیں، قریہ قریہ شہر شہر جا کر مسلمانوں کو دنیائے کفر کی سازشوں سے آگاہ کرتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 175251
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش