0
Friday 29 Jun 2012 20:02

سانحہ ہزار گنجی کے خلاف مجلس وحدت اور آئی ایس او کا احتجاجی مظاہرہ

سانحہ ہزار گنجی کے خلاف مجلس وحدت اور آئی ایس او کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے باہر سانحہ ہزار گنجی کے خلا ف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر احتجاجی نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت ملت تشیع پاکستان کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور پورے ملک میں صرف ایک گروہ شیعہ نسل کشی میں ملوث ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ حکومت اس گروہ کے خلاف کوئی بھی اقدام کرنے سے گریزاں ہے۔

مقررین نے کہا کہ ہم محب وطن شہری ہیں اورملک میں امن و امان چاہتے ہیں ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے اگر ہم بھی بدلے لینے پر اتر آئے تو پھر ہم ملک میں استحکام کی ضمانت نہیں دے سکتے۔ مجلس وحدت مسلمین اورآئی ایس او کے رہنماؤں نے کہا کہ یکم جولائی کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہونے والی قرآن و سنت کانفرنس میں بھرپور انداز میں لائحہ عمل دیا جائے گا جس کے بعد پاکستان میں کہیں بھی کوئی واقعہ رونما ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ رہنماؤں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک مسلسل ملت تشیع کی نسل کشی کی جا رہی ہے اور اس میں صرف ایک گروہ کے چند افراد ملوث ہیں جو حکومت ایک چھوٹے سے گروہ کوکنٹرول نہیں کر سکتی اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

مقررین نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی اور فرقہ واریت کی آگ ایک بار پھر اس لئے بھڑکائی جا رہی ہے کہ ملک میں بدامنی ہو اور اس سے امریکہ اور پاکستان دشمن دیگر قوتیں اپنے مفادات حاصل کر سکیں۔ ا نہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام امریکی و اسرائیلی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے بلکہ ملک کے دفاع کے لئے ہر قسم کی قربانی کیلئے بھی آمادہ و تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان بیدار ہیں اور استعمار کی سازشوں کا ادراک رکھتے ہیں، طاغوت کو پاکستان سے منہ کی کھانی پڑیں گی۔

مقررین نے کہا کہ حکومت سانحہ ہزار گنجی میں ملوث لشکر جھنگوی اور اس کے سرپرستوں کو گرفتارکر کے قرار واقعی سزا دے اور ایران جانے اور واپس آنے والے زائرین کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے۔ مقررین نے کہا کہ حکومت نیٹو سپلائی کسی طور بحال نہ کرئے بلکہ امریکہ کی نام نہاد جنگ سے بھی الگ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ خطے سے امریکہ کے انخلاء تک امن قائم نہیں ہو سکتا، حکومت اگر خطے میں امن چاہتی ہے تو یہاں سے امریکہ کو نکال باہر کرنا ہوگا اسے کیلئے چین، پاکستان، ایران، ترکی اور دیگر ہمسایہ ممالک کو مل کر ایک بلاک تشکیل دینا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 175280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش