0
Friday 29 Jun 2012 21:26

اپوزیشن کی مشاورت سے غیرجانبدار الیکشن کمشنر کا تقرر چاہتے ہیں، وزیراعظم

اپوزیشن کی مشاورت سے غیرجانبدار الیکشن کمشنر کا تقرر چاہتے ہیں، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیدی۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت اتنی ہی پیاری ہے جتنی دیگر صوبوں کی حکومتیں۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے چیف الیکشن کمشنر کے جلد تقرر کیلئے اپوزیشن کو مشاورت کی دعوت دے دی۔ گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب میں راجہ پرویز اشرف نے لاہور آمد پر پنجاب حکومت کی طرف سے استقبال کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ وفاق میں بھی اپوزیشن کو جمہوری انداز اپنانا چاہیئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹکراؤ اور تصادم کی سیاست نہیں چاہتے تاکہ دنیا کو مثبت پیغام دیا جا سکے۔  

لاہور میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی ٹکراؤ اور تصادم کی سیاست نہیں چاہتی۔ انہوں نے چیف الیکشن کمیشنر کی تعیناتی کے معاملے پر اپوزیشن کو مشاورت کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف شفاف انتخابات کیلئے اپوزیشن اور حکومت کا غیرجانبدار الیکشن کمشنر پر متفق ہونا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا جائے۔ ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنےکا روایتی طریقہ کسی کے مفاد میں نہیں۔

راجہ پرویز اشرف نےکہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر ملکی مسائل حل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرنا ہوگا۔ اداروں اور سیاسی جماعتوں میں تصادم مسترد کرتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی غربت سمیت تمام مسائل کا حل جہموریت ہے۔ پنجاب حکومت بھی انہیں اتنی ہی عزیز ہے جتنی سندھ اور دیگر صوبوں کی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے شارٹ فال میں کمی آ رہی ہے اور صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات وقت پر ہوں گے اور تمام ایشوز پر اتفاق رائے سے فیصلے کریں گے۔ تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں گے تو کوئی ایشو جنم نہیں لے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب الیکشن کا میدان لگے گا تو پیپلز پارٹی ہی کامیاب ہو گی اور ہم بھی دوبارہ حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اتنی ہی پیاری ہے جتنی دوسرے صوبوں کی حکومتیں کیونکہ تمام حکومتیں عوام سے مینڈیٹ لیکر آئی ہیں۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

خبر کا کوڈ : 175296
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش