0
Thursday 5 Jul 2012 15:41

نئے ریٹ پر نیٹو سپلائی کی بحالی شہداء کے خون سے غداری ہے، وسیم اختر

نئے ریٹ پر نیٹو سپلائی کی بحالی شہداء کے خون سے غداری ہے، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے نیٹو سپلائی کی بحالی پر شدید الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی معافی کافی نہیں قوم کسی بھی صورت نیٹو سپلائی کی بحالی قبول نہیں کرے گی، نیٹو سپلائی کی بحالی پاکستان کے مفاد میں نہیں، نیٹو سپلائی کی بحالی کا مطلب افغان مسلمان عوام کے خون کے پروانے پر دستخط کرنا ہے، پاکستان سے اب مکمل طور پر امریکی مداخلت کا خاتمہ ہونا چاہئے، ڈرون حملے بند ہونے چاہئیں، یہ ثابت ہو گیا ہے کہ امریکہ پاکستان کا دوست نہیں بلکہ سب سے بڑا دشمن ہے، امریکہ نے افغانستان اور عراق میں لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام کیا ہے، اب اس کی کوئی معافی قبول نہیں ہو گی بلکہ اسے مکافات عمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امریکہ اور اس کے حواریوں کی موجودگی نے خطے کا امن اور سکون تباہ و برباد کر دیا ہے، نئے ریٹ پر نیٹو سپلائی کی بحالی سلالہ پوسٹ کے شہداء کے خون کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مفادات کو تحفظ فراہم کرنے والی جنگ در حقیقت پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی سازش ہے تاکہ ایٹمی اثاثوں پر قبضہ کیا جا سکے، حکمرانوں کی غلامانہ پالیسیوں نے ملکی عزت، وقار اور سلامتی سب کچھ داؤ پر لگا دیا ہے، عسکری و سیاسی قیادت عوامی جذبات کا احترام کرے، ملک کسی بھی قسم کے عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں 40 ہزار معصوم جانوں کا نذرانہ پیش کرنے اور ملکی معیشت کو 70 ارب ڈالر نقصان پہنچانے کے باوجود ’’ڈومور‘‘ کا مطالبہ انتہائی شرمناک ہے، ایک طرف امریکہ خود طالبان سے مذاکرات کر رہا ہے تو دوسری طرف ہمیں مذاکرات سے روکتا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ایسی حکمت عملی مرتب کی جائے جو حقیقی معنوں میں آزاد خارجہ پالیسی کی عکاسی کرتی ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف جماعت اسلامی بھر پور احتجاج کرے گی، عوام کسی بھی صورت میں نیٹو کنٹینرز کو گزرنے نہیں دیں گے، حکومت پاکستان کی یہ واضح طور پر ناکام خارجہ پالیسی کا مظہر ہے کہ امریکی سرمایہ کاری کارخ تو بھارت کی جانب ہے جبکہ دباؤ پاکستان پر ہے، وطن عزیز کے غیور عوام امریکی امداد پر لعنت بھیجتے اور اس کے چنگل سے آزادی چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 176815
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش