QR CodeQR Code

ینگ ڈاکٹرز کا ایمرجنسی سروسز فوری بحال کرنے کا اعلان

6 Jul 2012 23:30

اسلام ٹائمز: ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ ہم سروس سٹرکچر کے مطالبات سے دستبردار نہیں ہو رہے۔ ہم نے ڈاکٹروں کو واپسی کی کال دے دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ینگ ڈاکٹرز نے ایمرجنسی سروس فوری طور پر بحال کرنے کا اعلان کر دیا، ڈاکٹرز آج رات سے ہی اپنی ڈیوٹیاں جوائن کر لیں گے۔ ینگ ڈاکٹرز نے پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں جاری ہڑتال فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایمرجنسی سروس فوری طور پر بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ناصر عباس نے کہا کہ ہم سروس سٹرکچر کے مطالبات سے دستبردار نہیں ہو رہے۔ ہم نے ڈاکٹروں کو واپسی کی کال دے دی ہے۔ پنجاب بھر میں تمام ڈاکٹرز آج رات سے ہی اپنی ڈیوٹیاں جوائن کر لیں گے۔
 
واضح رہے کہ اس سے قبل صبح لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے وائے ڈی اے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو وائی ڈی اے کے جنرل سیکرٹری ناصر عباس نے موقف اختیار کیا تھا کہ پنجاب حکومت ڈاکٹروں کو ہراساں کرکے ان کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔ سیکرٹری صحت نے عدالت کو بتایا کہ جو ڈاکٹر مریضوں کا علاج کرنا چاہتے تھے انہیں دھمکیاں دی گئیں جس کے باعث مجبور ہو کر ان کےخلاف کارروائی کی گئی۔ جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کی جانب سے بتایا گیا کہ ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال غیر قانونی ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کرکے سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی۔ کسی صورت میں مریضوں کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے تھا۔

فاضل جج نے ینگ ڈاکٹرز کو ایمرجنسی سروس بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے پنجاب حکومت کو ینگ ڈاکٹرز کےخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا۔ ینگ ڈاکٹرز کے جنرل سیکرٹری نے کمرہ عدالت میں تو عدالت کے آگے اپنا سر جھکا دیا مگر جیسے ہی کمرہ عدالت سے باہر آئے تو عدالتی حکم پر عمل درآمد سے متعلق اگر مگر شروع کر دی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 7جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے ینگ ڈاکٹرز کے خلاف کیے گئے تمام اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی۔ دوسری جانب مقامی عدالت نے معصوم بچے فہد کے قتل کے الزام میں گرفتار 4 ڈاکٹروں کے جسمانی ریمانڈ میں 9جولائی تک توسیع کر دی ہے۔


خبر کا کوڈ: 177079

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/177079/ینگ-ڈاکٹرز-کا-ایمرجنسی-سروسز-فوری-بحال-کرنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org