0
Sunday 8 Jul 2012 23:20

سرزمین پاکستان میں امریکہ مخالف ہر آواز کے حامی ہیں، علامہ عبدالخالق اسدی

سرزمین پاکستان میں امریکہ مخالف ہر آواز کے حامی ہیں، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی آفس میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان دنیا بھر میں سامراجیوں اور ظالموں کے خلاف اٹھنے والی ہر تحریک کی حمایت کرتی ہے کیونکہ ہمارا منشور ہے کہ ظالموں اور جابروں کے خلاف صدائے حق بلند کریں اور مظلوموں کے ہمیشہ حامی و مددگار بنیں۔ انہوں نے نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی باغیرت پاکستانی سامراج کے ان لے پالک حکمرانوں کا ساتھ دینے کو تیار نہیں، یہ سامراجی قوتیں بھیڑے کی مانند ہیں ان کو معمر قذافی، حسنی مبارک اور صدام حسین جیسے امریکی غلاموں کے انجام سے سبق سیکھنا چاہیے۔

علامہ اسدی نے کہا کہ جیسا کہ قرآن میں بھی ارشاد باری تعالٰی ہے کہ یہود و نصاریٰ کبھی تمھارے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، تو جو مسلمان یہ سمجھتے ہیں کہ امریکہ اور اسرائیل ان کے دوست ہیں تو وہ کھلی گمراہی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے نیٹو سپلائی بحال کرکے اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے، جس کا احساس انہیں بہت جلد ہوجائے گا، جب امریکہ کے سفارت خانے سے دہشتگرد نکلیں گے اور ملک کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی وارداتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چند ڈالروں کے عوض ملکی خودمختاری کا سودا کرنے والے حکمران کبھی ملک اور قوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ عوام آئندہ الیکشن میں صالح اور دین دار لوگوں کو ووٹ دے کر اقتدار میں لائیں، تاکہ وہ صحیح معنوں میں وطن عزیز کی حفاظت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم نے بنایا تھا اور اس کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے دشمن اور امریکہ کے غلام حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم متحد ہے اور جانتی ہے کہ کون مخلص ہے اور کون ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے سیاسی میدان میں اسی لئے قدم رکھا ہے، تاکہ امریکی غلاموں سے ملک اور قوم کو نجات دلائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 177533
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش