0
Tuesday 10 Jul 2012 01:22

دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ عوام کے جذبات و احساسات کی ترجمانی ہے، سید وسیم اختر

دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ عوام کے جذبات و احساسات کی ترجمانی ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی ملک و قوم سے غداری ہے، پارلیمنٹ کی بالادستی کا واویلا کرنے والوں نے پارلیمنٹ کی قرار دادوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے اپنے مفادات اور امریکی دبائو میں آکر فیصلہ کیا ہے، جس کو قوم نے مسترد کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز جماعت اسلامی فورٹ منرو میں جماعت اسلامی پنجاب (جنوبی) کے زیر اہتمام منعقدہ  تین روزہ تعمیر سیرت کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ عوام کے جذبات و احساسات کی ترجمانی ہے، نیٹو سپلائی کی بندش اور امریکی جنگ سے باہر آنے تک تحریک جاری رہے گی۔
 
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینا وقت کا ضیاع ہے، نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ دفاع پاکستان کونسل میں شامل تمام جماعتیں ملک کی سلامتی دفاع، نیٹو سپلائی کی بندش، گو امریکہ گو تحریک پر متفق ہیں، اس میں شامل بعض جماعتیں الیکشن میں حصہ لینے کے خلاف ہیں اس کو سیاسی اتحاد میں بدلنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف اور عمران خان منصورہ آئے تھے، سیاسی و ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، اس دوران سیاسی انتخابی اتحاد کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، البتہ انتخابات کو بروقت یقینی بنانے، غیر جانبدار عبوری حکومت اور خودمختار الیکشن کمیشن کے قیام کیلئے عوامی دبائو بڑھانے اور آزاد عدلیہ کے تحفظ کے حوالے سے بات ہوئی۔
 
انہوں نے کہا کہ اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ انتخابات کے اعلان کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان غیر مشروط ایم ایم اے کی بحالی چاہتے ہیں جو ممکن نہیں، ایم ایم اے کے غیر فعال ہونے کی وجوہات اور رویوں کا جائزہ لینا ضروری ہے، ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) سے مذاکرات کیلئے لیا قت بلوچ، سراج الحق، پروفیسر ابراہیم، شبیر احمد پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے، مگر ہمارے دروازے کھلے ہیں تمام آپشن موجود ہیں، فیصلہ وقت آنے پر ہوگا، تاہم چلے ہوئے کارتوسوں سے تبدیلی ممکن نہیں۔
خبر کا کوڈ : 177860
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش