QR CodeQR Code

نیٹو سپلائی کے خلاف کامیاب لانگ مارچ عوامی احساسات کا ترجمان ہے، محمد حسین محنتی

10 Jul 2012 20:46

اسلام ٹائمز:ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا ہے کہ قوم نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ حکمران تو چند ڈالروں کے عوض قومی غیرت و حمیت کا سودا کرسکتے ہیں لیکن عوام نہیں، نیٹو سپلائی بحال کرکے دشمن کے ہاتھ مضبوط کئے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل نے کامیاب لانگ مارچ کرکے پاکستان کے 18 کروڑ عوام کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ قوم نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ حکمران تو چند ڈالروں کے عوض قومی غیرت و حمیت کا سودا کرسکتے ہیں لیکن عوام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اسلام، مسلمان اور پاکستان کا دشمن ہے، نیٹو سپلائی بحال کرکے دشمن کے ہاتھ مضبوط کئے گئے ہیں، امریکا افغانستان میں نہتے اور مظلوم مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ کے نام پر پاکستان سمیت پورے خطے کو بدامنی اور افراتفری کا شکار کردیا گیا ہے، نیٹو کی سپلائی بحال کرکے مسلمانوں کے قتل عام میں مدد دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوموں کے قتل عام میں دشمن کو کمک فراہم کرنا سراسر ظالمانہ اقدام ہے، حکمرانوں نے اپنے اقدامات کے ذریعے اللہ کے غضب کو دعوت دی ہے اور ملک اور قوم جن مسائل کے گرداب کا شکار ہے یہ حکمرانوں کے عاقبت نااندیشانہ اقدامات اور فیصلوں کاشاخسانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا ساتھ دینے کے نتیجے میں 35 ہزار عام شہری 5 ہزار فوجی شہید ہوئے اور ملکی معیشت کا پہیہ جام ہوگیا مگر اس کے باوجود حکمران امریکا کے سحر سے باہر آنے کو تیار نہیں، عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے اگر حکمرانوں نے اب بھی نیٹو سپلائی کی بحالی کے فیصلے کو واپس نہ لیا عوام اسی طرح سڑکوں پر احتجاج کرتے رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 178002

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/178002/نیٹو-سپلائی-کے-خلاف-کامیاب-لانگ-مارچ-عوامی-احساسات-کا-ترجمان-ہے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org