QR CodeQR Code

امریکہ مسلمانوں میں فرقہ واریت پھیلانے کیلئے پیسہ تقسیم کر رہا ہے، فضل کریم

10 Jul 2012 21:09

اسلام ٹائمز: برطانیہ کے مختلف شہروں میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنے والے اسلام کا خوبصورت چہرہ مسخ کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب، وائس چیئرمین صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی، پیر محمد افضل قادری اور دوسرے راہنماؤں پیر محمد اطہر القادری، طارق محبوب، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی اور محمد نواز کھرل نے اپنے مشترکہ بیان میں گجرات میں فوجی چوکی پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر پوری قوم سوگوار ہے۔

سنی راہنماؤں نے کہا کہ پاک فوج پر حملہ کرنے والے پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں، ملک دشمن عناصر دہشتگردوں کو اسلحہ اور تربیت فراہم کر رہے ہیں، حکومت دہشتگردوں کا نیٹ ورک توڑنے کے لیے ریاستی طاقت استعمال میں لائے اور پاکستان میں موجود بلیک واٹر کے غنڈوں کو ملک بدر کرے۔ سنی اتحاد کونسل کے راہنماؤں نے کہا ہے کہ پاک فوج پر حملہ پاکستان کی سلامتی کو درپیش خطرات کی نشاندہی کرتا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ اپنے ایجنٹ دہشتگردوں کے ذریعے پاک فوج پر حملے کروا کر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے، پاکستانی قوم کو دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی بے مثال قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دفاعی اداروں پر تنقید کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے، کیونکہ پاک فوج دفاع وطن کی ضامن ہے، اس لیے دفاعی اداروں کی کردار کشی کرنے والے امریکی اور بھارتی ایجنڈا پورا کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جے یو پی کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے لیے فخر الدین جی ابراہیم پر اتفاق رائے خوش آئند ہے، فخر الدین جی ابراہیم غیر متنازع اور دیانتدار شخصیت ہیں، امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے انسانی حقوق کے عالمی منشور کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور عالمی برادری امریکہ کی بدمعاشی پر خاموش ہے، علماء یورپی عوام کے سامنے حقیقی اسلام اور حقیقتِ اسلام پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورتوں کو جو حقوق دیئے ہیں وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیئے، اسلام بچوں، بوڑھوں، اقلیتوں اور جانوروں کے حقوق کا بھی علمبردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے مختلف شہروں ڈربی، بریٹ فورڈ، مانچسٹر اور نوٹنگھم میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنے والے اسلام کا خوبصورت چہرہ مسخ کر رہے ہیں، امریکہ مسلمانوں میں فرقہ واریت پھیلانے کے لیے پیسہ تقسیم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت آبی جارحیت کے ذریعے پاکستان کو صومالیہ بنانا چاہتا ہے اور حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحال کرکے حکمرانوں نے غلامانہ ذہنیت کا ثبوت دیا ہے، پاکستانی حکمران اللہ سے کم اور امریکہ سے زیادہ ڈرتے ہیں اور امریکی سرپرستی کو اقتدار کی ضمانت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی سکالرز اسلام کو بطور نظامِ حیات پیش کریں اور صوفی ازم کے ذریعے تبلیغ اسلام کو مؤثر بنائیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل آئی ایس آئی کو پارلیمنٹ کے تابع کرنے کی مخالف ہے کیونکہ یہ عمل آئی ایس آئی کو غیر مؤثر بنانے کا حربہ ہے اور آئی ایس آئی کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، اس لیے سینٹ میں پیش ہونے والے فرحت اللہ بابر کے پرائیویٹ بل کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے عوام کو اسلام کی حقیقی تصویر دیکھنی چاہیے یہ جو چہرہ پیش کیا گیا وہ اصل اسلام نہیں۔


خبر کا کوڈ: 178006

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/178006/امریکہ-مسلمانوں-میں-فرقہ-واریت-پھیلانے-کیلئے-پیسہ-تقسیم-کر-رہا-ہے-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org