0
Saturday 2 Jan 2010 14:55

شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ، طالبان رہنما حاجی عمر ہلاک،اورکزئی ایجنسی پر بمباری 14 افراد ہلاک

شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ، طالبان رہنما حاجی عمر ہلاک،اورکزئی ایجنسی پر بمباری 14 افراد ہلاک
میرانشاہ،اورکزئی ایجنسی:شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملہ میں 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔جبکہ اورکزئی ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کے طیاروں کی بمباری سے 11 افراد ہلاک ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میرانشاہ سے 15 کلو میٹر مشرق میں واقع علاقے ناونہ میں جمعہ کی صبح 9بجے امریکی جاسوس طیارے نے ایک گاڑی پر 2 میزائل داغے جس سے 3 افراد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔میزائل حملہ میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔حملے کے بعد علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا ۔12 گھنٹوں کے دوران شمالی وزیرستان میں یہ دوسرا ڈرون حملہ ہے
 سال 2009ء کی آخری شب میر علی کے علاقے نجی چینل میں کریم خان نامی قبائلی کے گھر پر دو میزائل داغے تھے۔اورکزئی ایجنسی پرگن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ11 ہلاک ہو گئے۔گن شپ ہیلی کاپٹروں نے بمباری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز اورکزئی کے مختلف علاقوں پر شیلنگ کی اور طالبان کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جسکے نتیجے میں 11 افراد موقع پر ہلاک ہو گئے، بمباری سے تین گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ ادھر وادی تیراہ میں بوائز پرائمری سکول کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا سکول بند ہونے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کسی تنظیم یا پارٹی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ واقعات کے مطابق تحصیل لنڈی کوتل کے دور افتادہ علاقہ وادی تیراہ میں لڑکوں کے سرکاری سکول کو نامعلوم عسکریت پسندوں نے دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق نامعلوم عسکریت پسندوں نے تحصیل لنڈی کوتل کے دور افتادہ علاقہ وادی تیراہ میں نظرخیل میں واقع گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا۔سکول بند ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا واضح رہے کہ سکول کو اڑانے کا سلسلہ ایک مہینے سے شروع ہو گیا ہے جس میں اب تک چھ سکولوں کو نشانہ بنایا گیا ہے واقعہ کی ذمہ داری کسی تنظیم یا پارٹی نے قبول نہیں کی ہے۔ 
پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ایک طالبان گروپ کے سربراہ حاجی عمر خان شمالی وزیرستان میں ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔حاجی عمر نیک محمد کے ہلاک ہونے کے بعد ان کے جانشین مقرر کیے گئے تھے۔حاجی عمر کے قریبی رشتہ داروں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ حاجی عمر گزشتہ شام شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے علاقے موچی خیل میں ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے گروپ کے ساتھیوں نے ان کی لاش ان کے آبائی گاؤں کالوشہ روانہ کر دی ہے۔
علاوہ ازیں جمعہ کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان میں جاری آپریشن راہ نجات کے دران جنڈولہ سیکٹر میں سیکورٹی فورسز نے وارک جانی خیل اور سین تنگہ کے ارد گرد اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے جبکہ ٹانک میں سرچ آپریشن کے دران تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا اور ایک خودکش جیکٹ برآمد کر لی۔شکئی سیکٹر میں سیکورٹی فورسز نے کنی گرام اور ککرٹی میں سرچ آپریشن کر کے 250 مکانات اور 20 کمپاؤنڈ کلیئر کر دیئے اور ہتھیاروں و گولہ بارود کی کھیپ برآمد کر لی۔سیکورٹی فورسز نے زرمک سیکٹر میں پش زیارت کے قریب سرچ آپریشن میں کئی کمپاؤنڈز کلیئر کر دیئے ہیں۔سیکورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی،جس کا موثر جواب دیا گیا۔ ادھر سوات میں آپریشن راہ نجات کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوازہ خیلہ، الپورائی، ملی گرام، کبل اور نواگئی میں سرچ آپریشن کرکے 15 دہشت گرد گرفتار کر لیے جبکہ ہتھیاروں وگولہ بارود کی کھیپ برآمد کر لی۔فورسز نے خیرآباد اور گل کڈہ میں سرچ آپریشن کے دوران 15 مشتبہ افراد حراست میں لے لئے جبکہ گولیرٹی جوار اور ولی آباد میں پانچ دہشت گردوں نے رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال دیئے۔ادھر ضلع شانگلہ میں گزشتہ 2 مہینوں سے عسکریت پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن جاری ہے جس میں اب تک 46 عسکریت پسند،31 اشتہاری ملزمان اور 202 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع شانگلہ جہانزیب خان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
خبر کا کوڈ : 17816
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش