0
Friday 13 Jul 2012 02:35

باجوڑ، افغان دہشتگردوں کا ایک مرتبہ پھر حملہ، فورسز اور قومی لشکر کی جوابی کارروائی میں 15 حملہ آور ہلاک

باجوڑ، افغان دہشتگردوں کا ایک مرتبہ پھر حملہ، فورسز اور قومی لشکر کی جوابی کارروائی میں 15 حملہ آور ہلاک
اسلام ٹائمز۔ باجوڑا یجنسی کی تحصیل ماموند کے سرحدی علاقہ کٹکوٹ پر افغان دہشتگردوں نے ایک مرتبہ پھر حملہ کیا ہے۔ تاہم سیکورٹی فورسز اور ماموند قومی لشکر کی جوابی کارروائی میں 15 حملہ آور ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے جبکہ حملے میں ماموند قومی لشکر کے دو رضا کار شہید اور دو زخمی ہوگئے، حملے میں سیکورٹی فورسز کے چار اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ مقامی لوگوں اور انتظامیہ کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبہ کنڑ سے لگ بھگ ایک سو کے قریب مسلح شدت پسند صدر مقام خار سے تیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تحصیل ماموند کے سرحدی گائوں کٹکوٹ میں داخل ہوئے اور مقامی لوگوں کے گھروں میں زبردستی گھس کر آبادی پر راکٹوں، میزائلوں اور دیگر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی۔ افغان شدت پسندوں کے علاقہ میں داخل ہونے کی اطلاع ملتے ہی ماموند قومی لشکر کے رضاکار اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار حرکت میں آگئے اور انہوں نے حملہ آوروں کے خلاف جوابی کارروائی شروع کردی۔
 
مقامی لوگوں کے مطابق دونوں اطراف سے ایک دوسرے کے خلاف بھاری ہتھیار استعمال کئے گئے۔ ماموند قومی لشکر اور فورسز کی جوابی کارروائی میں 15 حملہ اور ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کے حملے میں ماموند قومی لشکر کے دو رضاکار جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز کے چار اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گن شپ ہیلی کاپٹروں کی جانب سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کا سلسلہ صبح دس بجے سے دو پہر دو بجے تک جاری رہا۔ کٹکوٹ پر افغان دہشتگردوں کے حملے اور ماموند قومی لشکر اور فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران تحصیل ماموند کے زیادہ تر علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ معطل رہی۔ 

ماموند قومی لشکر کے رہنمائوں نے بتایا ہے کہ لشکر کے رضاکاروں کی بروقت جوابی کارروائی سے حملہ آوروں کو کافی جانی نقصان ہوا ہے اور انہوں نے علاقہ میں کئی لاشیں دیکھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند کے سرحدی علاقہ پر گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران افغانستان سے آنے والے شدت پسندوں کا یہ دوسرا جبکہ اس ماہ کا تیسرا حملہ ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ماموند قومی لشکر کے سینکڑوں رضاکاروں نے پاک افغان سرحد کے قریبی علاقوں میں پوزیشنیں سنبھالی ہوئی ہیں اور وہاں پر مزید چیک پوسٹیں بھی قائم کرنا شروع کردی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 178726
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش