QR CodeQR Code

دہشت گرد ہمیں اپنے ایجنڈے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتے ہیں، اے این پی

15 Jul 2012 13:21

اسلام ٹائمز:باچا خان مرکز سے جاری ایک بیان میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ حق و سچائی کا راستہ کبھی بھی ظلم جبر و تشدت سے نہیں روکا جاسکا ہے، ہمارے شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کچلاک میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے کے قریب ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے کارکنان کی شہادت اور کوئٹہ میں کارکنان پر فائرنگ کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں، پختون ایس ایف کے مرکزی نائب صدر قاسم مہتر زئی کی شہادت ہمارے لیے ناقابل فراموش المیہ ہے، حق و سچائی کا راستہ کبھی بھی ظلم جبر و تشدد سے نہیں روکا جاسکا ہے، دہشت گردی کا مقابلہ ڈٹ کر کرتے رہیں گے، بلوچستان بھر کی کامیاب ہڑتال کے ذریعے عوام نے اپنا پیغام دیدیا ہے۔ باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں اے این پی سندھ کے ترجمان نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی سیاست تمام مظلوم قومیتوں کی آواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ ہے کہ ہم نے ہر کڑے وقت کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا ہے، دہشت گرد ہمیں اپنے ایجنڈے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتے ہیں اور ہمیں عوام سے دور رکھنے کے لیے کراچی سمیت پورے خطے میں سب سے زیادہ ہمارے کارکنان و رہنماؤں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، عوامی نیشنل پارٹی کی تحریک کی بنیاد علم کی روشنی اور امن و ترقی ہے، خوف و دہشت کے اندھیرے جلد روشنیوں میں تبدیل ہوجائیں گے، ہمارے شہداء کی قربانیاں کبھی بھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔


خبر کا کوڈ: 179285

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/179285/دہشت-گرد-ہمیں-اپنے-ایجنڈے-کی-راہ-میں-سب-سے-بڑی-رکاوٹ-سمجھتے-ہیں-اے-این-پی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org