0
Monday 16 Jul 2012 22:56

مغرب اور امریکہ ’’سیاسی اسلام‘‘ سے خوفزدہ ہیں، صاحبزادہ فضل کریم

مغرب اور امریکہ ’’سیاسی اسلام‘‘ سے خوفزدہ ہیں، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جے یو پی کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پنجابی طالبان کا دوبارہ متحرک ہونا پنجاب حکومت کی نااہلی ہے، کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنے والے ملکی سلامتی سے کھیل رہے ہیں، کرپشن کا ناسور ختم کرنے کے لیے بڑے آپریشن کی ضرورت ہے، خطے میں قیام امن کے لیے امریکی انخلاء ضروری ہے، توہین عدالت کے نئے ایکٹ کی زندگی پانی کے بلبلے جتنی ہے، نیا قانون وزیراعظم کی ڈھال بننے کی بجائے ریت کی دیوار ثابت ہو گا، نئے انتخابات ہی جمہوری نظام کے بچاؤ کا واحد راستہ ہیں، مسلم لیگ ن عدلیہ کی حمایت اور پیپلز پارٹی مخالفت کر کے عدلیہ کو متنازع بنا رہی ہے، تمام سیاسی جماعتیں نئے میثاق جمہوریت پر دستخط کریں۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر میں کونسل کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے منشور، انتخابی اتحاد اور امیدواروں کا جائزہ لے کر اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ انتخابات سے قبل تمام سیاستدانوں کے لیے اپنے اثاثے ملک میں واپس لانے کی پابندی لگائی جائے اور بے رحم احتساب کے ذریعے سیاسی گند صاف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت پر قومی مشاورت کے لیے اے پی سی بلائی جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ آئندہ الیکشن امریکہ کے غلاموں اور نبی کے غلاموں کے درمیان ہوں گے، پاکستان کے سارے سیاستدان امریکی غلامی میں ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرحد پار حملے روکنے کے لیے چودہ سو کلومیٹر پر مشتمل پاک افغان بارڈر کو خاردار تار کے ذریعے سیل کیا جائے۔ سنی اتحاد کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی دلیر قوم پر بزدل حکمران مسلط ہیں جو اللہ سے نہیں امریکہ سے ڈرتے ہیں،حکمران امریکہ کو خدا سمجھنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ دو فیصد حکمران اشرافیہ نے اٹھانوے فیصد عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ دہری شہریت والے سرکاری افسروں کو بھی برطرف کیا جائے اور رمضان المبارک میں مہنگائی روکنے کے لیے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مغرب اور امریکہ ’’سیاسی اسلام‘‘ سے خوفزدہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں کو فرقہ واریت کے ذریعے لڑانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت امن و امان پر بھی توجہ دے کیونکہ پنجاب کے لوگوں کا مسئلہ بجلی ہی نہیں جان کا تحفظ بھی ہے۔ اجلاس میں پیر محمد افضل قادری، طارق محبوب، مفتی محمد اقبال چشتی، الحاج سرفراز تارڑ، پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد حسیب قادری، میاں فہیم اختر، الحاج میاں محمد اصغر رامے، محمد عثمان لودھی، ملک احمد خان بھچر، مفتی محمد سعید رضوی، محمد نواز کھرل، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، پیر طارق ولی چشتی، پیر میاں غلام مصطفی، بیرسٹر وسیم الحسن نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 179696
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش