0
Monday 16 Jul 2012 23:53

بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس 29 جولائی کو اسلام آباد میں ہوگی

بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس 29 جولائی کو اسلام آباد میں ہوگی
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی آزادی و یکجہتی فلسطین کے عنوان سے 29 جولائی کو ’’ بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس ‘‘ اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ دنیا بھر بشمول فلسطین، لندن، امریکہ، مصر، شام، لبنان اور ایران سمیت متعدد ممالک سے مندوبین شریک ہوں گے۔ پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اور رہنما ’’ بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس ‘‘ سے خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں مظفر احمد ہاشمی ( سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی )، محفوظ یار خان ایڈووکیٹ ( رہنما عوامی مسلم لیگ)، علامہ قاضی احمد نورانی ( رہنما جمعیت علماء پاکستان )، سید شبر رضا ( رہنما جعفریہ الائنس پاکستان ) اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ساتھ پاکستان کی آزادی کی ایک اور سالگرہ بھی نزدیک ہے تاہم بانئ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ اور علامہ اقبال کے نظریات کو دہرانے کا وقت ہے آپ بزرگوں روز اول سے ہی مسئلہ فلسطین کی بھرپور حمایت جاری رکھی حتیٰ کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ نے سنہ 1923ء میں ہی کہا تھا کہ میں فلسطین میں صیہونی آباد کاری کی سخت مذمت کرتا ہوں اور مسلمانان برصغیر سے فلسطینیوں کی ہر ممکنہ مدد کی اپیل کرتا ہوں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے ماہ رمضان المبارک کی فضیلتوں اور برکتوں سے دوگنا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ یکم رمضان المبارک سے ہی ملک بھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لئے تحریک کا آغاز کیا جائے گا اس عنوان سے ملک بھر میں بینرز، پوسٹرز اور دیگر تشہیری مہم کے ذریعے مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا جبکہ مورخہ 29 جولائی بروز اتوار کو پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ’’ بین الاقوام یکجہتی فلسطین کانفرنس ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔

رہنماؤں نے کہا کہ کانفرنس میں فلسطین، لبنان، شام، امریکہ، لندن، ایران و دیگر ممالک سے رہنما شریک ہوں گے، جبکہ پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے چیئرمین راجہ ظفر الحق، عوامی نیشنل پارٹی پاکستان کے سینئر مرکزی نائب صدر سینیٹر حاجی محمد عدیل خان، ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ قاضی حسین احمد، جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی،مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس، اقلیتوں کے رہنما جے سالک سمیت دیگر شریک ہوں گے۔ 31 جولائی کو جماعت اسلامی کراچی کے تعاون سے آل پارٹیز کانفرنس بعنوان ’’ فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام مورخہ 31 جولائی کو کراچی میں ایک عوامی جلسہ کیتھولک گراؤنڈ نزد نمائش چورنگی پر کیا جائے گا جس میں بیرون ممالک سے تشریف لائے ہوئے مہمانان گرامی خطاب کریں گے۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں یکم رمضان المبارک تا 15 رمضان المبارک تک تصویری نمائشوں اور غزہ کے حالات پر مبنی ایک ڈاکیومنٹری فلم کے پروگرامات ترتیب دئیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان البارک کے پہلے ( 27 جولائی ) جمعہ کو فلسطینی شہداء سے اظہار یکجہتی کے عنوان سے منایا جایا گا جس کے تحت شہر بھر کی مختلف جامعہ مساجد کے باہر فسطینی شہداء کے خانوادوں کے لئے عید کی مناسبت سے عطیات جمع کئے جائیں گے جبکہ ماہ رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ ( 3 اگست ) کو یوم باب الاسلام فلسطین کے بغیر نامکمل کے عنوان سے منایا جائے گا اور اس طرح رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ ( 10 اگست ) کو غاصب صیہونی ریاست سے نجات کے طور پر منایا جائے گا۔ ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ ( 17 اگست ) کو ملک بھر میں یوم دعا کے طور پر منایا جائے گا جبکہ کوئٹہ،حیدرآباد،لاہور اور ملتان میں بھی سیمینارز اور پریس کانفرنسز کے علاوہ تصویری نمائشوں اور غزہ پر ڈاکیومنٹری فلم اور تعلیمی اداروں میں سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 179704
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش