QR CodeQR Code

خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا امریکی گریٹ گیم کا حصہ ہے، فضل کریم

17 Jul 2012 20:27

اسلام ٹائمز:سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی میں شہید ہونے والے پینتیس ہزار پاکستانیوں کے کسی ایک قاتل دہشت گرد کو بھی سزا نہ ملنا لمحہ فکریہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل طارق محبوب کی قیادت میں انجمن نوجوانان اسلام اور جے یو پی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی بحال کر کے شکست خوردہ امریکہ کو آکسیجن فراہم کی گئی ہے، خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا امریکی گریٹ گیم کا حصہ ہے، پاکستانی حکمران امریکی گریٹ گیم کے معاون نہ بنیں، امریکہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ اقتدار اور اختیار والے عوامی مسائل کی سنگینی محسوس کریں،ملک مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور بدامنی کے الاؤ میں جل رہا ہے اگر خونی انقلاب سے بچنا ہے تو سب کا بے رحم احتساب کرنا ہو گا، حکمران عوامی مفادات کا قتل عام کر رہے ہیں، ہر طرف لوٹ مار مچی ہے، کسی کو ملک اور قوم کی فکر نہیں، انتخابی نظام کرپٹ ہو چکا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ قوم امریکہ کے غلاموں کی غلامی کی زنجیریں توڑ ڈالے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر نے جعلی ہیروز کو ایکسپوز کر دیا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ قوم تخت اسلام آباد اور تخت لاہور کے شہزادوں سے تنگ آ گئی ہے، اب نظام اور امام بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پاکستان کو مسائلستان بنا دیا ہے، ملک دہشت گردی، مہنگائی، بیروزگاری اور معیشت کی زبوں حالی جیسے خوفناک اور سلگتے ہوئے مسائل کی لپیٹ میں ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے کے در پے ہے، افغانستان میں پاکستان مخالف دہشت گردوں کے اڈوں کو امریکی سرپرستی حاصل ہے، بلوچستان میں پاکستان مخالف گروہوں کی پشت پناہی پاکستان کو توڑنے کی ناپاک امریکی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب کے عرصۂ خدمت اور حلقۂ خدمت میں دہشت گردی کے بارہ سے زائد خوفناک واقعات ہو چکے ہیں جن میں نو سو پندرہ بے گناہ افراد موت کے گھاٹ اتر گئے لیکن پنجاب حکومت نے کسی ایک دہشت گرد کو بھی گرفتار کر کے سزا نہیں دلوائی۔ صاحبزادہ فضل کریم نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ججوں کی طرف سے دو دو سرکاری پلاٹ لینے کے معاملے کا ازخود نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں شہید ہونے والے پینتیس ہزار پاکستانیوں کے کسی ایک قاتل دہشت گرد کو بھی سزا نہ ملنا لمحۂ فکریہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 179960

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/179960/خطے-میں-عدم-استحکام-پیدا-کرنا-امریکی-گریٹ-گیم-کا-حصہ-ہے-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org