0
Tuesday 17 Jul 2012 23:43

ملک میں جمہوریت کے نام پر کرپشن اور مفاہمت کے نام پر ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے، سید وسیم اختر

ملک میں جمہوریت کے نام پر کرپشن اور مفاہمت کے نام پر ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست سے اسٹیبلشمنٹ کا کردار ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہونا چاہئے، اداروں کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ذمہ داریاں سرانجام دینی چاہئیں، لاپتہ افراد کے لواحقین کو بھی انصاف ملنا چاہئے، حکومت تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرائے، جمہوریت کے نام پر ملک میں کرپشن اور مفاہمت کے نام پر ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب نے احتساب کے نام پر انتقام کو پروان اور قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں، جب تک عوام کی لوٹی ہوئی رقم ملک میں واپس نہیں آتی تب تک احتساب کا عمل ادھورا ہے، حکومتی اتحادی عوام کے مسائل کو نظر انداز کر کے اقتدار کو مضبوط بنانے کے چکروں میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روز گاری، امن و امان کی خراب صورتحال حکمرانوں کی کار کردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
 
سید وسیم اختر نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے کرپشن سے پاک اور جرات مند قیادت کی ضرورت ہے، ٹیکسوں کا نظام بہتر کرنے کی بجائے حکومت غریب عوام پر اس کا بوجھ بڑھا رہی ہے، پاکستان میں معاشی نظام ہے اور نہ ہی جمہوری نظام، جمہوریت کے فوائد اس وقت ہی عوام کو پہنچیں گے جب حکمران اپنی سمت کا صحیح تعین کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا گراف تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، عوام کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے، روٹی، کپڑا اور مکان دینے کا نعرہ لگانے والے وزارتیں اور عہدے اپنے من پسند افراد میں باٹنے اور قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں، ان کا کہنا تھا کہ عوام کس حال میں زندگی گزار رہے ہیں نہ حکومت کو فکر ہے اور نہ ہی اپوزیشن کو، امریکی مداخلت کو ختم کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔
خبر کا کوڈ : 179965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش