0
Tuesday 17 Jul 2012 21:27

نیٹو سپلائی کی بحالی اسلامی احکامات کی خلاف ورزی ہے،حافظ سعید

نیٹو سپلائی کی بحالی اسلامی احکامات کی خلاف ورزی ہے،حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی بحال کرنا ہرگز اسلام اور مسلمانوں کے مفاد میں نہیں، افغان بھائیوں کے قتل عام کیلئے دشمن ملک کی سپلائی بحال کرنا اسلامی احکامات کی سخت خلاف ورزی ہے، افغانستان میں انسانیت سوز مظالم میں ملوث نیٹو افواج کی کسی بھی نوعیت کی مدد کرنا جائز نہیں، دفاع پاکستان کونسل کے پلیٹ فارم سے نیٹو سپلائی بحالی کے خلاف تحریک جاری رکھیں گے اور پاکستانی قوم میں امریکی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لئے شعور بیدار کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

وہ ابوعبیدہ پارک مدنی چوک نیو ملتان میں جماعۃ الدعوۃ ضلع ملتان کے زیراہتمام منعقدہ کارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ تربیتی اجتماع میں ملتان شہر سمیت شجاع آباد، جلالپور پیر والہ سے بھی درجنوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے کہا کہ نیٹو سپلائی بند نہ ہوئی تو لاہور سے اسلام آباد اور کوئٹہ سے چمن کی طرح ملک کے دیگر حصوں میں بھی لانگ مارچ کریں گے، حکمران امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی خوشنودی کی بجائے قومی امنگوں کی ترجمانی کریں۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میں عوام الناس کی بھرپور شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ غیور پاکستانی نیٹو سپلائی بحالی کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں، نیٹو سپلائی بحالی کے خلاف تحریک امریکی غلامی سے نجات تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت عوام کی قوت کھڑا کرنے اور میدان میں لانے کا ہے، ملک میں دہشت گردی اور تخریب کاری کو پروان چڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، دشمن کی سازشیں سمجھ کر مسلمانوں کو آپس کی تلخیاں اور اختلافات ختم کرنے کی ضرورت ہے، حکمرانوں کی بزدلانہ پالیسیوں کی وجہ سے اسلام دشمن قوتوں کو یہاں کھل کھیلنے کے مواقع مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں اور اس کے نتیجہ میں ہونے والے خودکش حملوں و تخریب کاری کا نقصان پاکستان کو ہو رہا ہے، ان سب چیزوں سے بچنے کیلئے امریکی غلامی سے نجات حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپلائی بحالی کے بعد بھی ڈرون حملے اسی طرح جاری ہیں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی کوشش ہے کہ ڈرون حملوں کے بعد پاکستان میں خودکش حملے ہوں اور پھر اس بہانہ سے وہ اس خطہ میں اپنے قیام کو اور زیادہ طویل کر سکیں۔ حافظ محمد سعید نے مزید کہا کہ دفاع پاکستان کونسل قومی حمیت اور غیرت کو لیکر کھڑی ہوئی ہے اور قوم میں شعور بیدار کر رہی ہے کہ پاکستان امریکہ کی کالونی یا ریاست نہیں برصغیر کا ایک آزاد اسلامی ملک ہے۔
خبر کا کوڈ : 179974
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش