0
Wednesday 18 Jul 2012 01:13

نیٹو سپلائی بزور قوت روک سکتے ہیں لیکن بدامنی نہیں چاہتے، منور حسن

نیٹو سپلائی بزور قوت روک سکتے ہیں لیکن بدامنی نہیں چاہتے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے نیٹو سپلائی کی بحالی اور امریکی ڈرون حملوں کیخلاف باب خیبر جمرود کے مقام پر نیٹو سپلائی روٹ پر دیئے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عالمی امن کے خواہاں ہیں لیکن ہماری اس خواہش کو کمزوری سمجھ کر امریکہ اور اُس کے اتحادی دنیا بھر میں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہارہے ہیں۔ امریکی فیصلوں سے دنیا میں بدامنی اور دہشت گردی پھیل رہی ہے۔ ہم نیٹو سپلائی کو بزور قوت روک سکتے ہیں لیکن بدامنی سے بچنے کے لئے ہم چاہتے ہیں کہ ملکی مفاد اور قومی اُمنگوں کو سامنے رکھتے ہوئے یہ فیصلہ حکمران کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور عمران خان اب بھی نیٹو سپلائی کے خلاف سڑکوں پر نہ نکلے تو عوام انہیں امریکہ کا دوست اور پاکستان کا دشمن سمجھنے میں حق بجانب ہونگے۔ دہشت گردی کو ختم کرنے کے نعرے پر آنے والے امریکہ نے پورے خطے کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر افغانستان اور پاکستان کے معصوم شہریوں ضعیف بزرگوں، عورتوں اور بچوں کا قتل عام کیا ہے۔

سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ پاکستان اور امت مسلمہ کا دشمن ہے، جس نے قرآن پاک کو جلانے اور نبی اکرمۖ کے خاکے بناکر اسلام اور مسلمانوں سے کھلی دشمنی کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں مرکزی نائب امیر سراج الحق، صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان، صوبائی نائب امیر مشتاق احمد خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحراللہ خان ایڈووکیٹ اور جماعت اسلامی فاٹا کے امیر صاحبزادہ ہارون الرشید کی قیادت میں حیات آباد پشاور سے احتجاجی مارچ کا آغاز ہوا، جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن اور دیگر قائدین ایک بڑے ٹرک پر سوار تھے۔ تختہ بیگ جمرود کے قیام پر ریلی کے شرکاء اپنی گاڑیوں سے اُتر گئے اور انہوں نے باب خیبر جمرود تک پیدل احتجاجی مارچ کیا۔ باب خیبر جمرود پہنچنے پر امیر جماعت اسلامی سید منور حسن اور دیگر قائدین کا شاندار استقبال کیا گیا۔

دھرنے میں خیبر پختونخوا اور قبائلی عوام نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اور شدید گرمی اور دھوپ کے باوجود انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے اختتامی دعا تک اپنی جگہ پر بیٹھے رہے۔ اس موقع پر سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ نہ صرف پاکستان کے جوہری اثاثوں بلکہ سینٹرل ایشیاء کے تمام وسائل کو اپنے قبضے میں لینا چاہتا ہے اور خطے میں چین کی بالادستی کو ختم کرکے بھارت کو بالادست قوت بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ایماء پر باڑہ سمیت قبائلی علاقوں میں ہونے والے آرمی آپریشن سے تین لاکھ سے زائد لوگوں کو گھروں سے بے گھر اور ہجرت پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں میں جاری آرمی آپریشن کو فوری طور پر ختم کرکے وہاں کے عوام کے اس آپریشن کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ 

سید منور حسن نے کہا کہ عوام پائیدار تبدیلی کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ لوگوں نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ سمیت دیگر جماعتوں کو بار بار آزمایا لیکن ملک سے غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور بدامنی کا خاتمہ ہونے کے بجائے ان مسائل میں روزافزاں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل پر قابو پانے کے لئے خطے سے امریکی انخلاء ضروری ہے۔ عوام امریکہ اور اس کے حواریوں سے نجات کے لئے آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ہم نہ صرف نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں بلکہ خطے میں استعماری قوتوں کے گھنائونے کردار کو ہمیشہ کے لئے ختم کردیںگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کمزور سمجھنے والے مصر، تیونس، لیبیا سمیت عرب ریاستوں میں آنے والے انقلاب کو سامنے رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 180018
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش