0
Tuesday 5 Jan 2010 11:19

سانحہ عاشور کی شفاف تحقیقات کر کے مجرموں کو سزا دی جائے،علامہ عباس کمیلی

سانحہ عاشور کی شفاف تحقیقات کر کے مجرموں کو سزا دی جائے،علامہ عباس کمیلی
کراچی:سانحہ عاشورہ سندھ سمیت ملک بھر کا امن خراب کرنے کی گھناؤنی سازش ہے،سانحہ پر اظہار تعزیت کیلئے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شیعہ علماء اور رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مشاہد سید،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈاکٹر فاروق ستار،رابطہ کمیٹی کے رکن رضا ہارون،پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عارف علوی سمیت دیگر نے جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ عباس کمیلی،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مولانا حسن ظفر نقوی،آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما مرزا یوسف حسین سمیت دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں،متحدہ قومی موومنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران سربراہ جعفریہ الائنس پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت فی الفور آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دے،انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ پوائنٹ اسکورنگ کی بجائے سانحہ میں ملوث ان عناصر کو بھی فی الفور بے نقاب کیا جائے کہ جنہوں نے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچایا اور قیمتی املاک کو جلا کر خاکستر کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اب وقت الزام تراشیوں کا نہیں بلکہ ملک کی سالمیت کا ہے۔لہٰذا تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مل کر ہی مشترکہ دشمن کا مقابلہ اور مملکت خداداد پاکستان کا دفاع کرنا ہو گا۔انہوں نے واضح کیا کہ دشمن یہ بات جان لے کہ ہمارا سر تن سے جدا تو ہو سکتا ہے مگر یزیدی طاقتوں کے سامنے خم نہیں ہو سکتا۔
اتحاد بین المسلمین کیلئے الطاف
حسین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں،شیعہ علماء

کراچی:متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار،حیدر عباس رضوی اور علماء کمیٹی کے رکن انور رضا نے ممتاز شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری،مولانا محمد عون نقوی،علامہ فرقان حیدر عابدی،قنبر عباس نقوی اور علامہ علی کرار نقوی سے ان کی رہائش گاہوں پر علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں شہر کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے علامہ طالب جوہری سے گفتگو کے دوران شہر میں یوم عاشورہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونیوالے عزاداران حسین پر تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والے عزاداروں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے اس موقع پر اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ شیعہ علماء دین شہر میں آ گ و خون کی ہولی کھیلنے والے دہشت گردوں کی کھل کر مذمت کریں اور ایسے افراد کا مکمل بائیکاٹ کریں جو کہ کسی نہ کسی طرح اس اندوہناک سانحہ کا حصہ بنتے ہیں۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایک مذموم سازش کے ذریعے شہر کے امن و امان کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔علامہ طالب جوہری نے ملاقات کے دوران کہا کہ اتحاد بین المسلمین کیلئے الطاف حسین کی 30 سالہ کاوشیں قابل تحسین ہیں۔علامہ محمد عون نقوی نے کہا کہ الطاف حسین کی بروقت کوششوں اور دانشمندی نے شہر میں کی جانے والی فرقہ وارانہ سازش کو بے نقاب اور ناکام بنا دیا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔علامہ فرقان حیدر عابدی نے کہا کہ امن اور اسلام کے دشمن ایم کیو ایم اور عزاداران حسین کے مشترکہ دشمن ہیں۔
خبر کا کوڈ : 18009
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش