0
Wednesday 18 Jul 2012 13:49

ملک کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کیلئے قوم کو متحد ہونا ہوگا، حاجی حنیف طیب

ملک کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کیلئے قوم کو متحد ہونا ہوگا، حاجی حنیف طیب
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات، سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل اور المصطفٰی ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلٰی حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ ہمارا ملک آج بھی آزاد نہیں، ہم آج بھی امریکا کے غلام ہیں۔ ہمارے حکمرانوں نے امریکا کو نیٹو سپلائی لائن بحال کر کے ڈرون حملوں میں اضافہ کروایا، پارلیمنٹ میں توہین کی قرارداد کی اہمیت نہیں، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں دوبارہ اضافہ کر دیا۔ جس کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوگا، روپے کی قدر قیمت روزانہ کم ہو رہی ہے۔

کراچی سے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے، نماز جنازہ اگر لوگ پڑھتے ہیں تو پڑھنے والے لوگوں میں 10 اور لاشیں گر جاتی ہیں، کراچی میں روزانہ قتل و غارت گری اور ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہو رہا ہے، اس وقت ہر پاکستانی پریشان ہے، بھارت کو فیورٹ ملک کا درجہ دیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان میں وہی کام کر رہا ہے، بیرون ملک پاکستانی پاکستان میں آنے کو تیار نہیں، تو سرمایہ کاری کہاں سے کریں گے؟

انہوں نے کہا کہ ملک میں لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ حامد سعید کاظمی کے خلاف ایک جھوٹا اور من گھڑت مقدمہ قائم کیا گیا، یہ مقدمہ تو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، عبدالقادر گیلانی اور سیکرٹری حج پر ہونا چاہئے، حامد سعید کاظمی پر صرف الزامات ہیں، ثبوت فراہم نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لے کر آ جائیں تو ملکی دیوالیہ ختم ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عدلیہ محاذ آرائی سے جمہوریت کو لاحق خطرات ہیں، دوہری شہریت ملکی سالمیت اور جمہوریت کو خطرہ ہے، ملکی راز اور خزانہ باہر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس طوفانی بارشوں سے تباہ شدہ علاقوں میں المصطفٰی ویلفیئر نے دن رات محنت کی، اب بھی آنے والے بارش یا سیلاب کے لئے ہماری کارکنان نے پلاننگ تیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کیلئے قوم کو متحد ہونا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 180141
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش