0
Wednesday 18 Jul 2012 17:07

دفاع پاکستان کونسل کی سوچ سے اتفاق ہے، امریکہ و استعمار کیخلاف قوم کو منظم کیا جائے، علامہ ساجد نقوی

دفاع پاکستان کونسل کی سوچ سے اتفاق ہے، امریکہ و استعمار کیخلاف قوم کو منظم کیا جائے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے نیٹو سپلائی اور ڈرون حملے ہماری ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہیں، ہمیں قومی وقار اور عزت کو مدنظر رکھ کر خارجہ پالیسی بنانی چاہیے، دفاع پاکستان کونسل کے مقاصد سے مکمل اتفاق ہے، یہی ہماری سوچ تھی اور لوگ ہمیں تعجب سے دیکھتے تھے، امریکہ اور استعماری قوتوں کے خلاف قوم کو منظم کیا جائے، دفاع پاکستان کونسل میں شامل تکفیریوں --کی وجہ سے ہمارے تخفظات ہیں اس پر بات چیت چل رہی ہے، اچھے نتائج نکلیں گے۔ ایم ایم اے کی بحالی تمام شریک جماعتوں کی ترجیح ہے اور اس میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے سب کی خواہش ہے کہ موجودہ حالات میں نئی صف بندی کی بجائے مشترکہ طور پر آگے بڑھا جائے۔

وہ وزیر آباد میں انجمن فکر علی اکبر کے خصوصی اجلاس کے موقعہ پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی فساد کبھی نہیں ہوئے، چند شرپسند عناصر استعمار کی آشیر باد سے مخصوص مفادات کیلئے کارروائیاں کرتے ہیں، ایجنسیوں کا کام انہیں ناکام بنانا اور عوام میں بےنقاب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں کبھی صاف شفاف انتخابات نہیں ہوئے اور نہ ہی وہ جمہوریت آئی ہے جس کیلئے قائداعظم محمد علی جناح نے جدوجہد کی، اگر غیر جانبدارانہ عبوری حکومت قائم کر کے آزادانہ الیکشن کمیشن انتخابات کرائے تو بہتری آسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، ملک کو دہشت گردوں کے حوالے کردیا گیا ہے ان دہشت گردوں کی سزائے موت کو معاف کیا جارہا ہے، 48 افراد کی اپیلیں سپریم کورٹ نے مسترد کردیں لیکن ان سزاؤں پر آگے پیشرفت نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ قبل از وقت الیکشن کی ضرورت نہیں حکومت اور اپوزیشن کو پورا موقع ملنا چاہیے تاکہ ان کے پاس کوئی بہانہ باقی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے بغیر معاشرے میں تبدیلی ناممکن ہے، انجمن فکر علی اکبر کی سرگرمیاں قابل تحسین ہیں، نوجوان خود کو منظم کریں قومی مقاصد اور معاملات سے مکمل آگاہی رکھیں، فلاحی کام نجات کا راستہ ہیں، ہم ان کی مکمل سرپرستی کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 180188
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش