0
Wednesday 18 Jul 2012 21:39

امریکی میڈیا کا پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈہ قابل مذمت ہے،فضل کریم

امریکی میڈیا کا پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈہ قابل مذمت ہے،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے عہدیداران و کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جے یو پی کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ جاگیردارانہ نظام کی موجودگی میں جمہوریت بے معنی ہے، دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے نئی قانون سازی ناگزیر ہے، پاکستان کی سلامتی کے ضامن ادارے عالمی دجالی قوتوں کی زد پر ہیں، کراچی سے بلوچستان تک عالمی ایجنسیاں پاکستانی دفاعی اداروں اور آئی ایس آئی کے خلاف سازشوں کا جال بچھا رہی ہیں، بلوچستان میں بدامنی کی ذمہ دار ملکی نہیں غیرملکی ایجنسیاں ہیں جو لوگوں کو لاپتہ کرنے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث ہیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ سنی اتحاد کونسل کچلے ہوئے استحصال زدہ طبقوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائے گی، حکمران اشرافیہ قوم کو غریب رکھنا چاہتی ہے تاکہ غریب لوگ ہمیشہ ان کے غلام اور محتاج رہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب قوم کے اربوں روپے حکام کی سکیورٹی اور پروٹوکول پر خرچ ہو جاتے ہیں، ایک شخص کے رہنے کے لیے کئی ایکڑوں پر پھیلے گورنر ہاؤس کا کیا جواز ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سیاست عبادت تھی لیکن اسے تجارت بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوستی اور امن کے کاروبار میں پاکستانی حکمران کشمیریوں کو بھول گئے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکی میڈیا کا پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف ،آصف علی زرداری اور دوسرے تمام سیاستدان اپنے اثاثے پاکستان منتقل کر دیں تو پاکستان کا معاشی بحران ختم ہو سکتا ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان کے اندر افراتفری پھیلانا امریکہ کا ایجنڈا ہے اور امریکہ نے پاکستانی معاشرے کے ہر شعبے میں ’’اپنے بندے‘‘ داخل کر دیئے ہیں جو امریکہ کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستانی حکمران امریکہ کی تابعداری چھوڑ دیں، نیٹو سپلائی کی بحالی اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت رمضان المبارک میں مہنگائی کو روکنے کے لیے پیشگی اقدامات کرے اور رمضان المبارک کے دوران مکمل طور پر لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔ اجلاس میں مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، علامہ سید خرم ریاض شاہ، مفتی محمد سعید رضوی، محمد نواز کھرل، مولانا محمد علی نقشبندی، معین الحق علوی، شیخ اظہر سہیل اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 180237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش