QR CodeQR Code

علامہ ناصر عباس کیخلاف کوئی بھی حکومتی ہتھکنڈہ اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی ثابت ہوگا، علامہ اسدی

18 Jul 2012 22:01

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ ہم صدر پاکستان اور وزیراعلٰی گلگت بلتستان کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر انتظامیہ اپنی ان بزدلانہ کاروائیوں سے باز نہ آئی تو ملت جعفریہ اسلام آباد کی طرف رخ کرے گی اور ملت جعفریہ کا یہ سیلاب گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کو بھی بہا کرلے جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی مقبولیت سے گھبرا کر گلگت بلتستان کی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، کچورا میں پولیس اس وقت مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم پیپلز پارٹی کی گورنمنٹ پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس طرح کی مذموم حرکت کو ملت جعفریہ ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔

علامہ اسدی نے کہا کہ ہم حکومت گلگت بلتستان کو متنبہ کرتے ہیں کہ اپنے اس مذموم منصوبہ سے فوراً باز آئے اور میر جعفر، میر صادق جیسا کردار ادا نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صدر پاکستان اور کو چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کو بھی متنبہ کرتے ہیں کہ اگر مہدی شاہ اپنی ان بزدلانہ کارروائیوں سے باز نہ آیا تو ملت جعفریہ اسلام آباد کی طرف رخ کرے گی اور ملت جعفریہ کا یہ سیلاب گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کو بھی بہا کر لے جائے گا۔

علامہ اسدی نے کہا کہ اس وقت اسکردو میں عوام اس کارروائی کے خلاف سٹرکوں پر ہیں اور اپنے محبوب قائد کو اپنے حفاظتی حصار میں لئے ہوئے ہیں، پورے اسکردو میں جگہ جگہ مظاہرے کئے جا رہے ہیں اور عوام کا یہ سیلاب پولیس کو روکے ہوئے ہے، پورے ملک کے اندر مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور ہم ابھی تک عوام کو صبر و تحمل کی اپیل کر رہے ہیں۔ اس وقت گلگت بلتستان میں وزیراعلٰی ہاؤس کو شیعہ عوام نے گھیر رکھا ہے، لیکن کسی بھی ایسی کارروائی کے نتیجہ میں سندھ، بلوچستان اور سرحد میں جہاں پیپلز پارٹی کی حکومتیں ہیں سخت ردعمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح پنجاب اور کشمیر میں عوام کا ردعمل روکنا بھی کسی کے بس میں نہ ہوگا، لہٰذا حکومت پاکستان اور پیپلز پارٹی ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر حالات کو کنڑول کرے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے وزیراعلٰی مہدی شاہ کو شائد معاملے کی نزاکت کا احساس نہیں، علامہ ناصر عباس پوری ملت جعفریہ کے قائد ہیں اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کا کوئی ہتھکنڈا حکومت کے اپنے پاؤں پر کلہاڑی کے متراف ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 180242

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/180242/علامہ-ناصر-عباس-کیخلاف-کوئی-بھی-حکومتی-ہتھکنڈہ-اپنے-ہی-پاؤں-پر-کلہاڑی-ثابت-ہوگا-اسدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org