0
Friday 20 Jul 2012 01:27

آئندہ الیکشن میں یہی امریکی ایجنٹ حکمران بھیس بدل کر ووٹ مانگنے عوام کے پاس جائینگے، سراج الحق

آئندہ الیکشن میں یہی امریکی ایجنٹ حکمران بھیس بدل کر ووٹ مانگنے عوام کے پاس جائینگے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق سینئر صوبائی وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ نے افغانستان میں خون اور آگ کا بازار گرم کر رکھا ہے، مگر افسوس کی بات ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے افغانستان کے مسلمانوں کے قتل عام کے لئے امریکہ کو اپنا کاندھا اور سہولیات دے رکھی ہیں، نیٹو کنٹینرز کو تحفظ فراہم کرنے والے پہلے یہاں پر مہنگائی، کرپشن، لوڈشیڈنگ اور بدامنی ختم کریں، امریکہ شکست خوردہ ہے اور فرار کی راہ تلاش کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع صوابی کے علاقے پرمولی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان، امیر جماعت اسلامی ضلع صوابی سعید زادہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں آج تک ایک لمحہ بھی ایسا نہیں آیا جس میں شریعت کا نظام نظر آیا ہو۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کی عدالتوں میں انگریز کے قانون کی بجائے قرآن کے مطابق فیصلے ہوں۔ وزیر اعظم پاکستان اذان کہے اور صدر پاکستان نماز کی امامت کرائے۔ مگر جن لوگوں کو سورة اخلاص تک پڑھنی نہیں آتی ہو ان لوگوں سے ایسی توقعات رکھنا ناممکن ہے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ الیکشن میں یہی امریکی ایجنٹ نیا بھیس بدل کر ووٹ مانگنے عوام کے پاس جائیں گے، اس لئے عوام ان کے چہرے اور ان کا کردار یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اینڈ کمپنی بہت جلد پاکستان سے فرار ہوجائے گی، مگر جب جماعت اسلامی کو اختیار ملا تو ہم آصف زرداری کو اڈیالہ جیل اور ان کے اتحادی اور صوبائی حکومت کے ارکان کو سنٹرل جیل پشاور میں بند کریں گے کیونکہ ان لوگوں نے کرپشن، بدامنی، لوٹ مار، لوڈشیڈنگ، بے روزگاری کی داستانیں رقم کیں ہیں جبکہ امریکی خوشنودی کے لئے اپنے ہی لوگوں کے خون کی ندیاں بہائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں ہر ضلع میں 66.66 ارب روپے کی کرپشن کی ہے۔ مجاہد کبیر اسامہ بن لادن کے قتل میں مددگار شکیل آفریدی کو جیل میں وی آئی پی پروٹوکول اور سہولیات دی جارہی ہیں۔ جبکہ پنج پیر مدرسہ اور شیخ جانہ مدرسہ پر چھاپہ مار کر شیخ طیب طاہر کو گرفتار اور معصوم طلبہ کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ممبر و محراب ٹوپی و دستار کا تحفظ کرے گی۔ جلسے سے جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر محمد عثمان ایڈووکیٹ، ضلعی امیر سعیدزادہ یوسفزئی اور میاں سلیم اکبر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 180520
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش