0
Friday 20 Jul 2012 06:55

اورکزئی ایجنسی وین دھماکہ سیکورٹی اداروں کی ناکامی ہے، علامہ ساجد علی نقوی

اورکزئی ایجنسی وین دھماکہ سیکورٹی اداروں کی ناکامی ہے، علامہ ساجد علی نقوی
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر و سربراہ شیعہ علماء کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے لوئر اورکزئی میں مسافر وین میں دھماکے کے نتیجے میں 15قیمتی جانوں کے ضیاع کے واقع کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اورکزئی و کرم ایجنسی میں پے در پے ہونے والے ایسے واقعات کو سیکورٹی اداروں کی ناکامی سے تعبیر کیا ہے۔ شیعہ علماء کونسل کے مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی اور ایس یو سی کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ عرصہ دراز سے اورکزئی و کرم ایجنسی کی عوام مسلسل عدم تحفظ کا شکار ہیں اور آئے روز ان دونوں ایجنسیوں میں مسافر گاڑیوں پر ٹارگٹڈ حملوں سمیت ملک بھر میں دہشتگردانہ حملے صوبائی و مرکزی حکومتوں کی عوام کو تحفظ کی فراہمی کے اقدامات پر سوالیہ نشان ہیں، جبکہ ایسے حملے سیکورٹی اداروں کی واضح ناکامی بھی ظاہر کرتے ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور آئے روز کے واقعات میں بے گناہ عوامی جانوں کے ضیاع پر حکومتی خاموشی مجرمانہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ایسے واقعات جہاں عوام میں عدم تحفظ کو فروغ دے رہے ہیں، وہیں ظلم کی چکی میں پسنے والی عوام میں نفرت کے رجحانات بھی فروغ پا رہے ہیں اور ایک منظم سازش کے تحت ایسے دہشتگردی کے واقعات رونما کرکے ملک دشمن عناصر وطن عزیز پاکستان کو خطرات میں دھکیل رہے ہیں۔ تاہم اُنہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد بین المسلمین کے ذریعے ملک دشمن اور اسلام دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملائیں، جبکہ اُنہوں نے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے صوبائی و مرکزی حکومتوں کو بے گناہ عوام کی جانوں سے کھیلنے والے دہشتگردوں اور اُنکے پشت پناہوں کے خلاف قانون حرکت میں لا کر آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا بھی مطالبہ کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی اور ایس یو سی کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے لوئر کرم کے واقع میں شہید ہونے والوں کے خانوادوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 180549
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش