QR CodeQR Code

ٹارگٹ کلرز اور پرچی بھیجنے والوں کیخلاف مقدمات درج کئے جائیں، رحمان ملک

20 Jul 2012 18:35

اسلام ٹائمز: وزیراعلٰی ہاؤس کراچی میں مشیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ وفاق کی تمام ایجینسیاں امن و امان کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلرز اور پرچی بھیجنے والوں اور ان کی آشیر باد کرنے والوں کے خلاف تھانوں میں مقدمات درج کئے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلرز اور پرچی بھیجنے والوں اور ان کی آشیر باد کرنے والوں کے خلاف تھانوں میں مقدمات درج کئے جائیں گے۔ وزیراعلٰی ہاؤس کراچی میں وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک نے وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی، اس موقع پر کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ بھتہ خوری، ٹارگٹ کلرز اور تاجروں و دکاندارون کو پرچی بھیجنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا اور اس ضمن میں پولیس، رینجرز قانون نافذ کرنیوالے اداروں، تمام ایس ایچ اوز کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں اور کہا گیا کہ جس علاقے میں بھی واردات یا جرم ہوگا، علاقہ ایس ایچ او ذمہ دار ہوگا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ پرچی مافیا کاروبار میں ملوث مجرموں کو گرفتار کرکے فوری کارروائی کی جائے گی۔
 
مشیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ وفاق کی تمام ایجینسیاں امن و امان کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلرز اور پرچی بھیجنے والوں اور ان کی آشیر باد کرنے والوں کے خلاف تھانوں میں مقدمات درج کئے جائیں گے۔ وزیراعلٰی سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پولیس کو مجرموں سے مقابلے کے لئے خصوصی ٹریننگ اور جدید اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ اتنی بڑی آبادی کے شہر کے لئے 25 سے 30 ہزار پولیس کی نفری ناکافی ہے، مزید دس ہزار پولیس کانسٹیبلز کا جلد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان شریف میں مجرموں کی کارروائیاں حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں کے لئے چیلنج ہے، حکومت ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 180629

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/180629/ٹارگٹ-کلرز-اور-پرچی-بھیجنے-والوں-کیخلاف-مقدمات-درج-کئے-جائیں-رحمان-ملک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org