0
Friday 20 Jul 2012 23:46

بالی اور برما میں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف جمعیت علمائے پاکستان کا مظاہرہ

بالی اور برما میں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف جمعیت علمائے پاکستان کا مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان (نیازی ) کے زیر اہتمام بالی اور برما میں مسلمانوں کے قتل عام، ملک میں کرپشن، مہنگائی و بدامنی اور لوڈشیڈنگ کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مرکزی صدر پیر معصوم شاہ نقوی اور چیئرمین سپریم کونسل پیر محی الدین محبوب نے مظاہرے کی قیادت کی۔ مظاہرین سے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد چشتی، پیر نفیس الحسن بخاری، پیر شفاعت رسول، پیر طیب حسنین، چوہدری حنیف سندھو، قاری زوار بخاری، غلام رسول اویسی، چوہدری ظفر نت، محمد آصف بٹ، چوہدری غلام نبی اور جے یو پی کے دیگر عہدیداران نے خطاب کیا۔

مرکزی صدر پیر معصوم شاہ نقوی نے اپنے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں مسلمانوں کو ایک سازش کے تحت مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، برما اور ٹمبکٹو میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو پی کو کمزور جماعت نہ سمجھا جائے اگر دنیا بھر کے مسلمانوں پر یہ مظالم کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو پھر ہم وہاں اپنی فورس بھیجنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ پیر معصوم شاہ نقوی نے کہا کہ وطن عزیز میں نفاذ نظام مصطفے(ص) کیلئے لوگ ہمارا ساتھ دیں ورنہ امریکہ پاکستان کو بھی عراق کا نقشہ بنانے پر تلا ہوا ہے، ہماری یکجہتی ہی ہماری بقاء کی علامت ہے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل پیر محی الدین محبوب نے کہا ہے کہ آج ہمارا دل مسلمانوں کی حالت زار دیکھ کر خون کے آنسو رو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران برما اور ٹمبکٹو کے واقعات کا فوری نوٹس لیں اور وہاں قتل وغارت گری کا بازار بند کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن ملک میں نفاذ نظام مصطفے(ص) اور مقام مصطفے(ص) کا تحفظ ہے، جو لوگ ہمارے اس مشن سے اتفاق کرتے ہیں وہ ہمارے قافلے میں شامل ہو جائیں۔ مظاہرین سے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد چشتی، پیر نفیس الحسن بخاری، پیر شفاعت رسول، پیر طیب حسنین، چوہدری حنیف سندھو، قاری زوار بخاری، غلام رسول اویسی، چوہدری ظفر نت، محمد آصف بٹ، چوہدری غلام نبی اور جے یو پی کے دیگر عہدیداران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ہم اپنے مظلوم مسلمان بھائیوں کی خاطر اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہانا پڑا تو دریغ نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 180689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش